بورڈ میں تبدیلیوں کی لہر ایک اور زندگی نگل گئی

بے روزگار ہونے والے کیوریٹر واجد حسین دل کا دورہ پڑنے پر چل بسے


Sports Reporter/Abbas Raza November 07, 2019
بے روزگار ہونے والے کیوریٹر واجد حسین دل کا دورہ پڑنے پر چل بسے۔ فوٹو : فائل

پاکستان کرکٹ میں تبدیلیوں کی لہر ایک اور زندگی نگل گئی، راولپنڈی ریجن کے بے روزگار ہونے والے کیوریٹر واجد حسین دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔

پی سی بی نے ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کا عمل دخل ختم کرتے ہوئے6 صوبائی ٹیموں پر مشتمل نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر متعارف کروایا تو اس کے نتیجے میں سیکڑوں کرکٹرز، سپورٹ اور گراؤنڈ اسٹاف بے روزگار ہوگئے، جو بچ گئے ان کی باری آنے والی ہے، راولپنڈی ریجن میں کام کرنے والے کیوریٹر واجد حسین کو گزشتہ 3ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی۔

ذرائع کے مطابق وہ گھر کا کرایہ اور راشن نہ ہونے کی وجہ سے کئی روز سے سخت ذہنی دباؤکا شکار تھے،بالآخر دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا، واجد حسین نے بیوہ اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے ملک بھرسے250ملازمین کو بغیرتنخواہ دیے نوکریوں سے فارغ کررکھا ہے، بورڈ نے اکتوبر میں عبوری طور پر ملازمین کو2 ماہ کے کنٹریکٹ دیے لیکن کسی کو ادائیگی نہیں کی گئی،قبل ازیں ایک ڈپارٹمنٹل ٹیم کے کوآرڈینیٹر عابد بٹ بھی بے روزگاری کے عفریت کا شکار ہوکر پریشانی کے عالم میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، اس کے علاوہ کئی کرکٹرز کے موٹرسائیکل، رکشہ اور ٹیکسی چلاکر روٹی روزی کمانے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوچکی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پی سی بی ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو38 اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے 32لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ادا کررہا ہے،اس رقم میں 60سے زائد فرسٹ کلاس کرکٹرز یا ملک بھر میں موجود گراؤنڈ اسٹاف کو بہترین روزگار فراہم کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے واجد علی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے اس کے اہل خانہ کو سپورٹ کرنے کا اعلان کردیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں