اساں جان کے میٹ لئی اکھ وے معروف پاکستانی گلوکارہ زبیدہ خانم انتقال کر گئیں

زبیدہ خانم کچھ عرصے سے علیل تھیں اور لاہور میں اپنے صاحبزادوں کے پاس مقیم تھیں جہاں وہ آج انتقال کر گئیں۔


ویب ڈیسک October 19, 2013
زبیدہ خانم نے گائیکی کاآغاز 1951 میں بابا چشتی فلم "بلو" سے کیا ۔ فوٹو: فائل

ماضی کی معروف پاکستانی گلوکارہ زبیدہ خانم طویل علالت کے بعد لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زبیدہ خانم کچھ عرصے سے علیل تھیں اور لاہور میں اپنے صاحبزادوں کے پاس مقیم تھیں جہاں وہ آج انتقال کر گئیں۔ فیملی ذرائع کے مطابق زبیدہ خانم رات کا کھانا کھا رہیں تھیں کہ سانس کی تکلیف میں شدت آ گئی اور وہ چند منٹوں میں دنیا سے رخصت ہو گئیں، ان کی نماز جنازہ کل صبح 10 بجے ان ویسٹ ووڈ کالونی میں قائم رہائشگاہ ميں ادا کی جائےگی۔

زبیدہ خانم نے پاکستان فلم اور میوزک انڈسٹری کو اردو اور پنجابی زبان میں بے شمار ایسے گانے دیئے جو کہ آج تک لوگوں کی زبان پر عام ہیں۔ انہوں نے گائیکی کاآغاز 1951 میں بابا چشتی فلم "بلو" سے کیا جس کے بعد انہوں نے 1953 میں مشہور فلم "کوئی شہری بابو" میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔زبیدہ خانم نے باغی، شیخ چلی، جٹی،راز، حمیدہ اورسولہ آنے جیسی فلموں میں گانے گائے، ان کے مشہور گانوں میں میری چنی دیاں ریشمی چناں، اساں جان کے میٹ لئی اکھ وے، دلا ٹھہر جا یار دا نظارہ لین دے اور آئے موسم رنگیلے سہانے شامل ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف، وزیر اطلاعات پرویز رشید، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی زبیدہ خانم کے انتقال پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ زبیدہ خانم کے انتقال سے فن گائیکی کی دنیا ایک بڑے نام سے محروم ہو گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں