شیخوپورہ میں رکشا ٹکرانے پرکارسواروں رکشا ڈرائیورکوقتل کردیا
شیخوپورہ میں رکشا ٹکرانے پرکارسواروں نےمارمار کر رکشا ڈرائیورکوموت کی نیند سلا دیا جب کہ دکان داروں نے 2ملزمان کوپکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ شیخو پورہ میں پیش آیا جہاں لاہورسرگودھا روڈ پرواقع جناح پارک چوک میں محمد خالد اپنے رکشہ پرجارہا تھا کہ اس کی اچانک ایک کارسے ٹکرہوگئی، جس پرکارسواروں نے مشتعل ہوکر محمد خالد کو تشدد کانشانہ بناناشروع کردیا، محمد خالد ان کی منت سماجت کرتا رہا مگرظالموں کو رحم نہ آیا اوراسے موت کے گھاٹ اتاردیا۔
محمدخالد کی ہلاکت کے بعد کار سوار فرار ہونے لگے تو مقامی دکان داروں نے 2 کوپکڑلیا جب کہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملنے پرپولیس بھی موقع پرپہنچ گئی اورمحمد خالد کی نعش کوپوسٹ مارٹم کےلیےاسپتال پہنچا دیا۔ مقتول محمد خالد حبیب کالونی کا رہائشی اور5 بچوں کا باپ تھا۔ واقعہ کے روز محمد خالد کے بھائی کی رسم حنا تھی اوروہ شادی کی خریداری کرنے کےلیے ہی بازارآیا تھا۔ محمد خالد کی موت کی خبرجیسے ہی گھرپہنچی تووہاں کہرام اورخوشیوں والےگھرمیں صف ماتم بچھ گئی، شیخوپورہ کی اے ڈویژن پولیس نے فرارہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔