دبئی ٹیسٹ پاکستان نے فاتح الیون میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا

کامیاب ٹیم میں تبدیلیاں سود مند نہیں ہوتیں،غفلت بھاری پڑسکتی ہے،پلیئرزنے پہلا میچ جیت کرقوم کو عید کا تحفہ دیا، معین

ٹیسٹ تاریخ میں پروٹیز کے خلاف چوتھی کامیابی پر کھلاڑیوں کو خوشیاں منانے کا پورا حق ہے،معین خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے دبئی ٹیسٹ میں ابوظبی کی فاتح الیون میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

بطور منیجر ذمہ داریاں نبھانے والے سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ کامیاب ٹیم میں تبدیلیاں کبھی سود مند ثابت نہیں ہوتیں،عالمی نمبر ون ٹیم شکست کے بعد پریشان ہے،کھیل کے کسی شعبے میں غفلت ہمیں بھاری پڑ سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹ سے شاندار فتح حاصل کی، اب دوسرے میچ میں بھی اسی الیون کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے منیجر معین خان نے کہاکہ میں نے اپنے 14سالہ کیریئر اور بطور کپتان تجربے سے سیکھاکہ کامیابی حاصل کرنے والی الیون میں تبدیلیاں سود مند ثابت نہیں ہوتیں، انھوں نے کہا کہ اپنی ٹیسٹ تاریخ میں پروٹیز کے خلاف چوتھی کامیابی پر کھلاڑیوں کو خوشیاں منانے کا پورا حق ہے،زمبابوے سے شکست کے بعد ٹیم سخت تنقید کی زد میں تھی، پلیئرز نے حالات کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے قوم کو عید کا تحفہ دیا۔




دوسری طرف عالمی نمبر ون ٹیم شکست کے بعد پریشانی کا شکار ہے، ہاشم آملا کی خدمات دستیاب نہ ہوئیں تو بھی دیگر کھلاڑی سیریز برابر کرنے کیلیے بے تاب ہوں گے، کھیل کے کسی شعبے میں غفلت ہمیں بھاری پڑ سکتی ہے، سخت مقابلے کیلیے خود کو تیار رکھنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں خرم منظور اور شان مسعود نے اچھی بنیاد فراہم کی، پیسرز محمد عرفان اور جنید خان نے گرمی کے باوجود جان لڑائی، اسپنرز نے بھی اپنے کردار سے انصاف کیا، ذوالفقار بابر نے اپنے ڈومیسٹک تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھایا، سعید اجمل نے بھی ردھم حاصل کرکے اپنا جادو جگایا۔ معین خان نے کہا کہ مصباح الحق نے نہ صرف بیٹنگ بلکہ شاندار قیادت سے بھی فتح کا راستہ بنایا،ان کی کاوش کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہوگا۔
Load Next Story