کیل کی مدد سے مصوری کے شاہکار نمونے بنانے والا پاکستانی نوجوان

لاہور کے رہائشی احمد علی وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت متعدد شخصیات کے پورٹریٹ بناچکے ہیں


آصف محمود November 08, 2019
احمد علی وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت متعدد شخصیات کے پورٹریٹ بناچکے ہیں - فوٹو: آصف محمود

لاہورمیں ایک ہنرمند نوجوان نے لوہے کی کیلوں کی مدد سے معروف شخصیات کے دلکش پورٹریٹ تیارکیے ہیں۔

پاکستان میں کئی ایسے ہنرمند افراد موجود ہیں جن کے فن پارے اور تخلیقات دیکھنے والوں کو حیران کردیتی ہے، احمد علی صادق بھی ان میں سے ایک ہیں، ماہرفن کار نے ہزاروں کیلوں کو مخصوص انداز سے نیا روپ دے کردلکش پورٹریٹس بنائے ہیں، آرٹ کے اِن نمونوں کی تیاری میں نہ تو پینٹس استعمال ہوئے ہیں اور نہ ہی کوئی برش، محض لوہے کی کیلوں سے مشہور ومعروف شخصیات کی تصاویر بنائی گئی ہیں۔



لاہورکے رہائشی احمد علی صادق نجی ادارے میں ملازم ہیں لیکن شوق کی تسکین کے لئے فن پارے تخلیق کرتے ہیں، وہ اب تک وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت کشمیری حریت رہنماؤں کے پورٹریٹ بھی بناچکے ہیں۔

احمدعلی صادق کہتے ہیں اس وقت چونکہ پوری قوم کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہی ہے اوران پرہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کررہی ہے تو ایسے حالات میں ایک آرٹسٹ کی حیثیت سے میں نے بھی کشمیریوں کی جدوجہد کو اجاگرکرنے اوران سے اظہاریکجہتی کی کوشش کی ہے، میں نے حریت رہنما سیدعلی گیلانی ، برہان وانی اوراپنی کشمیری بہنوں کے پورٹریٹ بنائے ہیں۔



اس نوجوان آرٹسٹ نے سکھوں کے مذہبی پیشوا باباگورونانک کے 550 ویں جنم دن پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گوردوارہ درنار صاحب کرتارپور کا عکس بھی بنایا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ یہ تحفہ خود سکھ کمیونٹی کوپیش کریں۔ انہوں نے کہا وہ دنیا کودکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی کس قدرمحبت کرنے والے لوگ ہیں، پوری دنیا سے آنے والی سکھ کمیونٹی تک بھی میری اس کوشش کے ذریعے مثبت پیغام پہنچے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جب کوئی پورٹریٹ بنانا ہوتولکڑی کے ایک بورڈ پراس کا خاکہ بناتا ہوں پھراس خاکے کے اوپربڑی احتیاط سے کیلیں لگائی جاتی ہیں۔ ایک عام پورٹریٹ 3 سے 4 دن میں تیار کرلیتا ہوں جس میں تقریبا 6 سے 8 ہزار کیلیں استعمال ہوتی ہیں۔انہوں بتایا کہ وہ پینٹنگ بھی کرلیتے ہیں ، مختلف ماڈلز بھی تیارکرتے ہیں لیکن یہ کام زیادہ اچھا لگتا ہے۔ احمدعلی صادق نے تین سال قبل پینسلزکی مدد سے مینارپاکستان کا سات فٹ اونچا ماڈل بھی تیارکیا تھا جسے کافی پذیرائی ملی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں