سندھ اسمبلی میں سماعت سے محروم افراد کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کا بل منظور

بل کے تحت سماعت سے محروم افراد کو بعض شرائط کے تحت ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں گے


وکیل راؤ November 08, 2019
بل کے تحت سماعت سے محروم افراد کو بعض شرائط کے تحت ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں گے . فوٹو:فائل

ISLAMABAD: سندھ اسمبلی نے پروونشل موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2019 متفقہ طور پرمنظور کرلیا جس کے تحت سماعت سے محروم افراد بھی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔

سندھ اسمبلی نے پروونشل موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2019 متفقہ طور پرمنظور کرکے نئی تاریخ رقم کردی، آج ہونے والے اجلاس میں خصوصی افراد کے لئے اشاروں کی زبان میں بات کرنے والی ایک خاتون کو ایوان میں آنے کی خصوصی طورپر اجازت دی گئی، سندھ اسمبلی میں اس بل کی منظوری کے وقت سماعت سے محروم افراد اور ان کی تنظیم کے نمائندہ لوگ بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے، جب خصوصی افراد مہمانوں کی گیلری میں پہنچے تو ایوان میں موجود تمام ارکان نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔

وزیر پارلیمانی امور مکیش چاولہ نے سائن لینگویج کے حامل افرد کو ایوان میں آنے کے لئے ایک تحریک پیش کی تھی جس کی ایوان میں موجود تمام ارکان نے حمایت کی جب کہ مہمانوں کی گیلری میں موجود خصوصی افراد نے تحریک پر شکریہ ادا کیا۔

اشاروں کی زبان میں بات کرنے کے لئے خاتون مہرین کو بلوایا گیا جو اسپیکر کی نشست کے ساتھ کھڑی ہوئیں اور انہوں نے خصوصی افراد کو سندھ اسمبلی کارروائی کے بارے میں شاروں کی زبان میں بتایا۔

وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چاﺅلہ کی درخواست پر وقفہ سوالات کے دوران ایوان کی کارروائی مؤخر کردی گئی، ان کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں صرف موٹر وہیکل بل پیش کیا جائے گا جس پر ارکان نے کثرت رائے سے خصوصی افراد کے لئے موٹروہیکل ایکٹ ترمیمی بل ایوان میں پیش کرنے کی اجازت دے دی۔

بل کے تحت سماعت سے محروم افراد کو بعض شرائط کے تحت ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں گے اور ایسے افراد کو گاڑی میں مخصوص شیشے لگانے ہوں گے اور وہ اپنی گاڑیوں میں مخصوص ڈیوائس لگائیں گے، خود کار ڈیوائس اور شیشے کے ذریعے سماعت سے محروم ڈرائیورز کو ہارن، ایمبولینس سائرن کے بارے میں خبر ہوسکے گی، ہارن، سائرن پر سماعت سے محروم افراد کی گاڑی میں لائٹ سے اطلاع ملے گی، خصوصی افراد کو پہلی مرتبہ ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کیا جائے گا۔

ایوان میں جب بل منظوری کے لئے پیش کیا گیا تو خصوصی افراد سے ڈرائیونگ لائسنس فیس وصول نہ کرنے سے متعلق ترمیم منظور کرلی گئی، قائد حزب اختلاف کی جاب سے یہ ترمیم بھی پیش کی گئی کہ خصوصی افراد کا ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ لینے والا افرد اشاروں کی زبان جانتا ہوگا ان کی یہ ترمیم اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں