عید قرباں کے بعد

زیادہ باسی گوشت کی غذائیت کم ہوجاتی ہے


Nadia Fatima Rizvi October 20, 2013
زیادہ باسی گوشت کی غذائیت کم ہوجاتی ہے۔ فوٹو: فائل

عید قرباں کے بعد گھروںمیں گوشت کی بھرمار ہوتی ہے اور کافی دنوں تک گوشت کے مختلف پکوان تیار ہوتے رہتے ہیں۔

قربانی کے بعد جمع ہونے والا گوشت محفوظ رکھنے کی غرض سے فریج میں رکھ دیا جاتا ہے اور پھر وقتاً فوقتاً استعمال کیا جاتا رہتا ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ جب وہ فریج سے منجمد گوشت پکانے کے لیے نکالیں، تو پہلے اس کے اچھی طرح پگھلنے کا انتظار کریں تاکہ اس میں لگا ہوا خون اچھی طرح صاف ہوسکے۔ اس کے بعد چولہے پر رکھیں۔ گوشت میں لگی چربی کو تیز دھار چھُری سے صاف کریں۔ بہت سی ہڈیوں سے گوشت الگ کرنا خاصا مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے جن ہڈیوں سے گوشت الگ کرنا ہو تو اسے بڑے برتن میں ڈال کر چولہے کی مناسب آنچ دیجیے اور پھر چُھری یا کانٹے کی مدد سے سہولت کے ساتھ ہڈیوں سے گوشت الگ کر لیجیے۔

عید قرباں کے موقعے پر قصاب حضرات کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ جانور نبٹائیں، لہٰذا وہ چاہتے ہیں کہ وہ گوشت کی بوٹیاں نہ بنائیں، بلکہ گوشت کے بڑے بڑے پارچے بنا کر چلے جائیں۔ اس کے بعد ہمیں ان پارچوں کی چھوٹی بوٹیاں بنانی پڑتی ہیں۔ گوشت کے بڑے ٹکڑوں کی وجہ سے فریج میں جگہ بھی زیادہ گھرتی ہے، لہٰذا اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہے اور آپ کا فریج چھوٹا ہے، تو جلد از جلد اس کی بوٹیاں بنوالیں تاکہ فریج میں جگہ کی کمی کا مسئلہ حل ہو سکے۔

گوشت محفوظ رکھنے کا مقصد صرف انہیں خراب ہونے سے بچانا ہے۔ کوشش کیجیے کہ اسے زیادہ عرصہ فریج میں نہ رکھیں اور جلد ہی استعمال کر لیں۔ طویل عرصے فریج میں رکھے ہوئے باسی گوشت کی نہ صرف غذائیت ختم ہو جاتی ہے، بلکہ ذایقہ بھی باقی نہیں رہتا۔ اس لیے عزیز واقارب، پڑوسیوں اور غربا میں تقسیم کے بعد جو گوشت آپ کے ہاں بچ جائے، اسے گھریلو استعمال میں لینے کے ساتھ رشتے داروں کے ساتھ مل بیٹھنے کا ذریعہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔ بہت سے لذیذ اور ذائقے دار پکوان بنا کر بھی تقسیم کیے جا سکتے ہیں۔ یہی نہیں تکے، سیخ کباب، شامی کباب، کچے قیمے کے کباب، چپلی کباب اورہنٹر بیف وغیرہ جیسی گوشت کی ڈشیں بھی بنائی جا سکتی ہیں۔ ران کا گوشت حلیم بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے، جب کہ نہاری بنانے میں آپ نلی والی ہڈیوں سے استفادہ کر کے اس کے ذایقے کو چار چاند لگا سکتی ہیں۔ یہی نہیں بریانی، پلائو اور قورمے سمیت گوشت کے ساتھ سبزی کے پکوان بھی بنائے جا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ کالی مسور، ثابت کالی ماش اور چنے کی دال میں گوشت ڈال کر آپ دال گوشت کی ڈش کا لطف بھی اٹھا سکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |