دارالصحت اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا

اسپتال انتظامیہ نے پہلے ہی روز مدیحہ کو وینٹی لیٹر پرمنتقل کردیا، محمد اکبر


Staff Reporter November 10, 2019
اسپتال انتظامیہ نے پہلے ہی روز مدیحہ کو وینٹی لیٹر پرمنتقل کردیا، محمد اکبر۔ فوٹو:فائل

گلستان جوہر میں واقع دارالصحت اسپتال میں مبینہ طور پر ڈاکٹروں کی غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔

متاثرہ خاندان نے بتایا کہ 19 سالہ مدیحہ دختر محمد اکرم کو پیٹ میں درد کی شکایت پر 5 نومبر کو اسپتال لایا گیا تھا اور وہ خود چل کر اسپتال آئی تھی۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ مدیحہ کو جگر کا عارضہ لاحق ہے، مدیحہ کے چچا محمد اکبر نے بتایاکہ اسپتال انتظامیہ نے پہلے ہی روز مدیحہ کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا۔

محمد اکبر نے دعویٰ کیا کہ دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ، ڈاکٹر شاہد اور دیگر عملہ ان کی بھتیجی کی اس حالت کا ذمے دار ہیں اور ان کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے، اس سلسلے میں انھوں نے شارع فیصل تھانے میں تحریری درخواست بھی جمع کرادی ہے۔

مریضہ کا جگر ناکارہ ہوچکا، پیوند کاری کی ضرورت ہے، اسپتال انتظامیہ

دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مدیحہ کو گزشتہ روز انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جسے فوری طور پر طبی امداد دی گئی اور جان بچانے کے لیے وینٹی لیٹر پر بھی منتقل کردیا گیا، ہیپاٹائٹس بی اور سی کے نتیجے میں جگر ناکارہ ہونے پر مریض کا علاج صرف اور صرف جگر کی پیوندکاری ہے، مریضہ کے لواحقین کو بتا دیا گیا تھا کہ اس کا علاج صرف جگر کی پیوندکاری ہے لیکن وہ اپنے مالی وسائل کی وجہ سے علاج کروانے سے قاصر تھے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضہ کو گزشتہ 9 سال سے تشویشناک حالت میں اسپتال لایا جاتارہا ہے ،ضروری طبی امداد اورداؤں کے ذریعے مریضہ کی جان بچاکراسے ڈسچارج کیا جاتا رہا ہے،اہل خانہ کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے جو علاج سے پوری طرح مطمئن ہیں۔

مدیحہ 9 سال سے جگر کے عارضے میں مبتلا ہے نازک حالت میں اسپتال لایاگیا ، ڈاکٹرشاہد

دارالصحت اسپتال کے گیسٹروانٹرالاجسٹ ڈاکٹر شاہد احمد نے بتایا کہ مدیحہ 9 سال سے جگر کے عارضے میں مبتلا ہے اوراس کا جگر 9 سال سے مکمل ناکارہ ہوچکا ہے، والدین کو کافی دفع بتایا جاچکا ہے کہ جگر پیوندکاری کروائیں لیکن اس کے باوجود لڑکی کے اہلخانہ نے توجہ نہیں دی۔

مریضہ کو کئی مرتبہ ہمارے پاس خون کی الٹیاں کرنے کی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے، اس بار بھی انٹرنل بلیڈ ہورہا تھا اور اسٹول میں خون آرہا تھا ، ہم نے فوری طور پرانڈواسکوپی کے ذریعے خون کارساؤ روکاہے جس کے بعد لڑکی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیاگیا ہے،ناکارہ جگرہونے والے مریضوںکے کومہ میں جانے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔