کاک پٹ میں خاتون مسافر کو ساتھ بٹھانے والے پائلٹ پر تاعمر پابندی

پائلٹ کا لائسنس منسوخ کر کے تاعمر جہاز اُڑانے پر پابندی عائد کردی گئی


ویب ڈیسک November 10, 2019
خاتون کے کاک پٹ میں بیٹھنے کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔ فوٹو : فیس بک

چین میں کاک پٹ میں خاتون مسافر کو بٹھانے اور تصاویر بنانے کی اجازت دینے والے پائلٹ پر تاعمر جہاز اُڑانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

چین کی فضائی کمپنی ائیر گوئیلن نے طیارے کے مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے اور قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر اپنے ایک پائلٹ کا لائسنس منسوخ کرکے تاعمر جہاز اُرانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ مذکورہ پائلٹ نے ایک مسافر خاتون کو کاک پٹ میں بلا کر اپنی ساتھ والی سیٹ پر بٹھایا اور تصاویر بنانے کی بھی اجازت دی تھی۔

چین سے تعلق رکھنے والے ایک ٹریول بلاگر نے سوشل میڈیا پر سب سے پہلے یہ تصاویر شیئر کیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون کاک پٹ میں معاون پائلٹ کی سیٹ پر براجمان ہیں اور وکٹری کا نشان بناکر تصاویر بنوا رہی ہیں اور ساتھ میں کیپشن لکھا ہوا ہے کہ 'پائلٹ کا شکریہ، میں بہت خوش ہوں۔

چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر یہ تصاویر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں اور صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس پر ائیر گوئیلن نے تحقیقات کی تو انکشاف ہوا کہ یہ تصاویر پرواز جی ٹی 1011 کی جنوبی چائنا سے مغربی چائنا جانے والے طیارے میں جنوری میں لی گئی تھی تاہم اب منظر عام پر آئیں۔

ایئر گوئیلن نے وضاحت جاری کی کہ پائلٹ نے کاک پٹ میں غیر متعلقہ فرد کو داخل ہونے کی اجازت دے کر چینی سول ایوی ایشن کے فضائی ضوابط کی خلاف ورزی کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پائلٹ کا لائسنس منسوخ کردیا گیا ہے تاہم پائلٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں