شام خودکش دھماکا 35 افراد ہلاک 70 زخمی 20 گاڑیاں متعدد گھر دکانیں تباہ

شام کے بحران سے متعلق 23نومبرکوجنیواامن کانفرنس کے انعقادمیں اب بھی کئی رکاوٹیں ہیں،نبیل العرابی


News Agencies/AFP October 21, 2013
شام کے شمالی شہر حلب میں ایک پٹرول پمپ پر لگنے والی آگ کو لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

شام میں خودکش بمبارنے بارود سے بھرے ٹرک کوفوجی چیک پوسٹ کے قریب زوردار دھماکے سے اڑادیا جس میں فوجیوں سمیت 35افراد ہلاک اور70 زخمی ہوگئے۔

دھماکے سے 20 گاڑیاں،متعدد گھر اور دکانیں تباہ ہوگئیں، ذرائع ابلاغ کے مطابق شام کے وسطی شہر حما میں ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھرے ٹرک کو فوجی چیک پوسٹ سے ٹکرا کر تباہ کردیا جس میں 35 افراد ہلاک اور70زخمی ہوگئے،ہلاک ہونے والوں میں فوجی بھی شامل ہیں،متعددزخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے بعدہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے۔سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق زراعت کے لیے تیارکی جانے والی گاڑیوں کی فیکٹری کے قریب سیکیورٹی فورسزکی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیاہے۔



دوسری جانب عرب لیگ کے سربراہ نبیل العرابی کاکہنا ہے کہ شام کے بحران سے متعلق جنیواامن کانفرنس 23نومبر کو ہوگی تاہم کانفرنس کی حتمی تاریخ کا فیصلہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کریں گے، امن کانفرنس میں شام کی متحدہ اپوزیشن کی شمولیت اورکرداراہمیت کاحامل رہے گا۔نبیل العرابی نے یہ بات شام کے مسئلے پر اقوامِ متحدہ اورعرب لیگ کے مشترکہ خصوصی ایلچی لخداربراہیمی سے ملاقات کے بعد کہی۔ نبیل العرابی نے اس بات کااعتراف کیاکہ اس کانفرنس کے انعقادکے حوالے سے ابھی بھی کئی رکاوٹیں ہیں، اپوزیشن کی موجودگی نہ ہونے کے باعث کانفرنس بے معنی ہوگی،مغربی طاقتیں اور عرب ممالک کے نمائندے منگل کو شامی اپوزیشن سے ملاقات کرینگے تاکہ وہ جنیوا کانفرنس میں شرکت کو یقینی بنائے۔ شام کیلیے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی نمائندے لخدار براہیمی شام کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس کیے سلسلے میں بات چیت کیلیے اگلے ہفتے ایران کا دورہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں