بھارت میں سرکاری ملازمین دفتر کے اندر ہیلمٹ پہننے پر مجبور


بھارت میں سرکاری دفتر کے اہلکار بوسیدہ عمارت سے گرنے والے پتھر اور پلستر سے بچنے کے لیے دورانِ کار ہیلمٹ پہننے پر مجبور ہیں۔ فوٹو: اے این آئی
ریاست اترپردیشن کے شہر باندہ سے یہ تصاویر سامنے آئی ہیں جہاں محکمہ بجلی کے افسران اور عملہ اپنا سر بچانے کے لیے ہیلمٹ پہننے پر مجبور ہے۔ اس دفتر کی چھتیں اتنی خستہ ہیں کہ آئے دن وہاں سے بھاری پلستر گرتے رہتے ہیں اور بار بار کی شکایت کے باوجود انتظامیہ نے کوئی قدم نہیں اٹھایا اور اسی وجہ سے عملہ اپنی حفاظت خود کرنے پر مجبور ہے۔
https://www.youtube.com/watch?v=Hw6U7NEBG68&feature=emb_logo
بھارتی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر یہ خبرتیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ بعض حلقے اس دفتر کی پوری عمارت کو ہی خطرناک قرار دے چکے ہیں۔ اس سے قبل بھی دفتر میں کام کرنے والے افراد چھت سے گرنے والے پتھروں سے زخمی ہوچکے ہیں اور آخر کار اب ہیلمٹ پہننے پر مجبور ہیں۔
ایک ملازم نے نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ دو سال قبل اس نے دفتر میں کام شروع کیا تھا اور مجاز اداروں کو کئی خط بھی لکھے تھے لیکن کسی نے بھی کوئی جواب نہیں دیا تھا۔ اخباری نمائندوں نے خود یہاں کا دورہ کرکے جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ دفتر کی چھت پر سوراخ بن چکے ہیں اورسیمنٹ کے ایک بوسیدہ ستون نے اسے سہارا دیا ہوا ہے۔
اس سے قبل بھی 2017ء میں بھارت کے ایک اور سرکاری دفتر میں لوگ ہیلمٹ پہننے پر مجبور تھے جہاں کی چھت اسی طرح بوسیدہ تھی۔