عراق صوبہ انبار اور بغداد میں دھماکے 49 افراد ہلاک درجنوں زخمی

حملے شہر راوا اور بغداد کی مارکیٹ میں ہوئے، ہلاک ہونیوالوں میں مقامی کونسل کے 3 ممبران اور3 اہلکار بھی شامل


AFP October 21, 2013
دہشت گردی کے بعد لوگوں میں شدید خوف و ہراس، سیکیورٹی اہلکاروں اور رضاکاروں نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو اسپتالوں تک پہنچایا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

LONDON: عراق میں اتوار کو پرتشدد واقعات کے نتیجے میں کم ازکم 49 افراد ہلاک اور 65 زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں نے بغداد اور صوبہ انبار میں خودکش دھماکوں سے تباہی مچادی۔

دارالحکومت بغداد کے علاقے الامل میں ایک کیفے کے باہر خودکش دھماکا ہوا جس کے فوراً بعد سڑک کنارے ایک اور دھماکا ہوا جس میں 34 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔عراق کے شمال مغربی شہرراوا میں 8 خودکش بمباروں کے حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ انبار کے شہر راوا میں ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کو پولیس کے صوبائی ہیڈ کوارٹرز سے ٹکرا دیا اور بعد میں مزید دو پیدل خودکش بمباروں نے فائرنگ کردی۔



دریں اثناء ایک اور خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کو فوجی چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا، مزید براں 3 پیدل خودکش بمباروں اور ایک بارود سے بھری گاڑی پر سوار نے مقامی انتظامیہ کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کردیا، تمام حملوں میں 3 مقامی کونسل کے ممبران اور3 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات کے بعد علاقے میں ہنگامی حالت دیکھی گئی، سیکیورٹی اہلکاروں اور رضاکاروں نے ہلاک شدگان اور زخمیوں کو اسپتالوں تک پہنچایا۔ لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، علاقے میں حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں