نواز شریف کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود بیرون ملک روانگی منسوخ

نوازشریف کے پلیٹلٹس خطرناک حد تک کم، گھرمیں قائم انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکا جس کے باعث ان کی لندن روانگی دوسری بار منسوخ ہوگئی۔

ذرائع ایوی ایشن کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی قطرایئرویز کی ٹکٹیں منسوخ کرادی گئیں انہیں قطر ایئرویز کی پرواز سے لندن براستہ دوحہ جانا تھا۔


خاندانی ذرائع کے مطابق نوازشریف کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود ہے، ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظرابھی تک حکومت کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی، ان کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث وہ اب تک گھر میں قائم انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ ان کے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے گذشتہ روز اسٹیرائیڈز کی خوراک دی گئی تھی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کے روز ہوگا اور اسی اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نے غیرملکی ایئرلائن سے لندن کے لیے ٹکٹیں بک کرا رکھی تھیں، نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان کو بھی لندن جانا تھا۔ نواز شریف کے لندن سفر کی سمری بھی وزارت قانون کو ارسال کردی گئی تھی۔
Load Next Story