آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بے قابو ایمرجنسی نافذ

حکومت کی جانب سے ہنگامی حالات کا اعلان، وزیراعظم کا ہلاک افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی


ویب ڈیسک November 11, 2019
حکومت کی جانب سے ہنگامی حالات کا اعلان، وزیراعظم کا ہلاک افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی۔ فوٹو : فائل

آسٹریلیا کی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی ہے جس کے باعث دونوں ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ کو بڑھنے سے روکنے میں بھی ناکام رہا ہے جس کے بعد دونوں ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے علاقے میں ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے فوج کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ مورسن نے آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی، 3 ہلاک اور درجنوں زخمی

120 سے زائد مقامات پر لگی آگ سے 9 لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ تباہ ہو چکا ہے اور 150 سے زائد گھر بھی جل کر خاکستر ہوگئے ہیں، ہفتے کے روز 3 افراد آگ میں جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد ہزاروں شہریوں کو متاثرہ علاقے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ سخت موسم ہونے کے باعث سڈنی سمیت دوسرے کئی شہروں میں بھی آگ بھڑک سکتی ہے، انتظامیہ ہیلی کاپٹر اور فائر ورکرز کے زریعے آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہے تاہم خراب موسم کے باعث آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں