نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ حکومت خود کرے نیب

وزارت داخلہ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ وزیرقانون فروغ نسیم کے سپرد کردیا، ذرائع


ویب ڈیسک November 11, 2019
وزیرقانون درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ای سی ایل سے نام نکالنے کا فیصلہ کریں گے، ذرائع 

نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وزارت داخلہ کو جواب بھیج دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وزارت داخلہ کو جواب بھیج دیا جس میں کہا گیا کہ میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے لیا ہے، وفاقی حکومت کو سفارش کرتے ہیں کہ فیصلہ خود کرے۔

نیب کی جانب سے جواب میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت صوابدیدی اختیار کے تحت نوازشریف کی درخواست پر فیصلہ کرے، مختلف کیسز میں وفاقی حکومت پہلے بھی صوابدیدی اختیار استعمال کرچکی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ متعدد وزراء کی نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست دی گئی تھی اور وزارت داخلہ نے معاملہ ایک خط کے ذریعے نیب کے پاس بھیج دیا تھا تاہم اب نیب کے جواب کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر وزارت داخلہ کے پاس آگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق وزارت داخلہ نے اپنے کندھوں سے ذمہ داری ہٹاتے ہوئے یہ معاملہ ذیلی کمیٹی کے سپرد کردیا، ذیلی کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ہیں، فروغ نسیم وزارت داخلہ کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب شیڈول کے مطابق بدھ کو ہونے والا کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس اب کل وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کی زیر صدارت ہوگا، اجلاس میں وزارت داخلہ حکام بھی شرکت کریں گے اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی اپنی سفارش وفاقی کابینہ کے سامنے رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں