حکمرانوں کا حساب لینے کا وقت آ گیا ہے مولانا فضل الرحمان

پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں 20 سے زائد اکاؤنٹس چھپائے، سربراہ جے یو آئی (ف)

پاکستان میں جبر کی حاکمیت ہمیں تسلیم نہیں، فضل الرحمان، فوٹو: فائل

مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جبر کی حاکمیت ہمیں تسلیم نہیں اور اب حکمرانوں کا حساب لینے کا وقت آ گیا ہے۔

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ نواز شریف تلاشی نہیں دے رہے اب جب الیکشن کمیشن نے ان کی اپنی پارٹی کی تلاشی لی تو عدالتوں میں چھپتے پھر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان نے الیکشن کمیشن کو 61 بار سماعت روکنے کا کہا، جب کہ اسٹیٹ بینک نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ تحریک انصاف نے 20 سے زائد اکاؤنٹس چھپائے ہیں، ہندوستان اور اسرائیل سے فنڈ لینے والوں کی بھی تلاشی لی جانی چاہیے، الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے۔


سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خدا اور قوم کی گرفت میں آگئے ہیں، دوسروں کو چور کہتے کہتے خود چور نکل آئے، وزیراعظم کی بہنوں نے سلائی مشین سے دبئی میں 70 ارب ڈالر کی جائیداد بنائی ایسی سلائی مشین توسب کو چاہیے، حکمرانوں کا حساب لینے کا وقت آ گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے دھرنے کے دوران کہا تھا کہ 15 ہزار لوگ آکر کہیں تو میں استعفی دے دوں گا، اب تو ہزاروں افراد یہاں بیٹھے ہیں تو آپ کیوں ڈھیٹ بنے ہوئے ہیں؟ پاکستان میں جبر کی حاکمیت ہمیں تسلیم نہیں، نااہل حکومت کے خاتمے کے لیے سفر جاری ہے اور رہے گا۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکومت پرمزید دباؤ بڑھانے کے لیے مشاورت کر رہے ہیں، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر آگے بڑھیں گے، اس بدبودار حکومت کا خاتمہ کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے، نااہل اور ناکام حکومت سے چھٹکارا حاصل کریں گے اور اسی جذبے کے ساتھ یہ تحریک آگے بڑھے گی۔
Load Next Story