سعودی عرب میں طالبہ کے بیگ سے سانپ نکل آیا ویڈیو وائرل

طالبہ نے اپنی ساتھی طالبات کو ڈرانے کے لیے سانپ بیگ میں چھپا کر اپنے ہمراہ یونیورسٹی لائی تھی


ویب ڈیسک November 12, 2019
سانپ طالبہ کے بیگ سے نکل کر لیبارٹری میں رینگنے لگا۔ فوٹو: فائل

سعودی عرب میں ایک طالبہ اپنی ہم جماعتوں کو ڈرانے کے لیے اپنے بیگ میں ایک بے ضرر سانپ لیکر آگئی تاہم سانپ بیگ سے نکل کر لیبارٹری میں رینگنے لگا جس سے طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی شہر مدینہ کی طیبہ یونیورسٹی کے گلرز سیکشن میں ایک سانپ لیبارٹری میں دیکھا گیا جس سے طالبات خوف میں مبتلا ہوگئیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو عملے کو طلب کیا، ریسکیو اہلکاروں نے سانپ کو پکڑ کر چڑیا گھر منتقل کردیا۔ یہ سانپ بے ضرر اور کم عمر تھا۔



یونیورسٹی انتظامیہ نے طالبات سے پوچھ گچھ کی تو ایک طالبہ نے سانپ کو بیگ میں چھپا کر اپنے ہمراہ کالج لانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ساتھی طالبات کو ڈرانے کے لیے سانپ لائی تھی اور مجھے معلوم تھا کہ سانپ بے ضرر ہے جو کسی کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔

ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ پکڑا جانے والا سانپ ابو سیور نامی قسم کا ہے جس میں زہر نہیں ہوتا اور یہ مقامی طور پر نہیں پایا جاتا بلکہ سانپ کے شوقین حضرات خصوصی طور پر ان سانپوں کو بیرون ملک سے منگواتے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے سانپ لانے والی طالبہ کے خلاف ضوابط کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں