وقار یونس کے مشورے عمران خان سینئر کے کام آگئے

مشورے کی وجہ سے حریف بیٹسیمنوں کی کمزوریوں کو بھانپ لیا تھا،عمران خان سینئر

مشورے کی وجہ سے حریف بیٹسیمنوں کی کمزوریوں کو بھانپ لیا تھا،عمران خان سینئر (فوٹو: فائل)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اور سابق فاسٹ بالر وقار یونس کے مشورے عمران خان سینئر کے کام آگئے۔

پرتھ میں آسٹریلیا "اے" کے خلاف 3 روزہ ٹور میچ میں بھرپور فارم میں نظر آنے والے پیسر عمران خان سینئر کا کہنا ہے کہ بولنگ کوچ وقار یونس نے لائن اور لینتھ پر گیند کرتے ہوئے رنز کا حصول مشکل بنانے کا مشورہ دیا تھا، اسے پیش نظر رکھتے ہوئے آف سٹمپ پر گیندیں کرتا رہا کیوں کہ حریف بیٹسمینوں کی کمزوریوں کو بھانپ لیا تھا اس لیے 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔


انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران آسٹریلیا میں کیے جانے والے نیٹ سیشنز میں مقامی صورتحال سے ہم آہنگ ہونے کا اچھا موقع ملا جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے طویل وقفے میں اپنی بولنگ اور فٹنس میں بہتری لانے کے لیے کام کیا اور ڈومیسٹک سیزن میں بھی دائیں اور بائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں کو گیندیں کرواتے ہوئے اپنی تکنیک بہتر بنانے کی کوشش کی اس کا فائدہ بھی ہوا ہے۔

عمران خان سینئر نے یہ بھی کہا کہ ٹور میچ میں بہتر کارکردگی خوش آئند ہے، اپنی فارم کا یہ سلسلہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں بھی برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہوں۔
Load Next Story