اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے مولانا فضل الرحمان

حکمران انتظار کر رہے ہیں کب انہیں گریبانوں سے پکڑ کر ایوانوں سے باہرنکالا جائے، سربراہ جے یو آئی (ف)


ویب ڈیسک November 12, 2019
بہت جلد بتاؤں گا چورکوئی اور نہیں یہی حکمران ٹولہ ہے، سربراہ جے یو آئی (فوٹو: فائل)

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وثوق سے کہتا ہوں کارکن اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے۔

اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ 2018ء کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی بڑی منظم ہوئی اور کوئی چاہے نہ چاہے اسے تسلیم کرنا پڑے گا، لیکن ہمارے کارکنان کی جرأت نے ان کے اس گھمنڈ کو توڑ دیا اور ہمارا بیانیہ اور دعویٰ ایسا غالب ہوا ہے کہ کوئی مائی کا لعل انتخابات کو صاف الیکشن ماننے کو تیار نہیں، ہمارے بیانیے کو پوری قوم کی تائید حاصل ہوگئی اور ان کے بیانیے کو شکست ملی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ناجائز حکومت بنا کر جمہورت اور آئین پر وار کیا گیا، پاکستان میں آئین کی بالادستی ختم ہوگئی، مہنگائی نےغریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے اور مشیرخزانہ کہتے ہیں کہ ٹماٹر 17 روپے کلو ہیں، وہ بتائیں 17 روپیہ کلو ٹماٹر کس منڈی میں فروخت ہو رہا ہے؟

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی میدان میں فتح حاصل ہوچکی ہے، کارکنان کی جرأت نے حکومت کا دبدبہ اور رٹ ختم کردیا ہے، دس روزہ قیام میں ہم نے جنگ جیت لی ہے، وثوق سے کہتا ہوں کارکن اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے بس اس گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو رہ گیا ہے، حکمران انتظار کر رہے ہیں کب انہیں گریبانوں سے پکڑ کر ایوانوں سے باہرنکالا جائے۔

یہ پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کی آزادی مارچ کے پلان بی پر پارٹی مشاورت مکمل

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی کامیابیوں کا دائرہ کار اور بڑھاناہے، ہم نے باہمی مشاورت سے آگے بڑھنے کے کچھ فیصلے کیے ہیں، ہمارا یہاں رہنا پلان اے ہے اس کے رہتے ہوئے پلان بی پر آگے بڑھیں گے اور پلان بی پر کل سے عمل درآمد ہوگا، بہت جلد بتاؤں گا چور کوئی اور نہیں یہی حکمران ٹولہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں