پرائم منسٹر اسکیم آغاز سے قبل ہی نوسر باز سرگرم ایک ہزار روپے میں جعلی فارم کی فروخت

قرضے کیلیے مسلم لیگ کی رکنیت کے نام پرسادہ لوح افراد کو لوٹا جانے لگا.


Nama Nigar October 22, 2013
نوسر باز پکڑے نہ جا سکے، عوام چکر میں نہ آئیں، مسلم لیگ ن کی تمام اسکیموں کے فارم مفت فراہم کیے جاتے ہیں،نثار چانڈیو و دیگر

پرائم منسٹر اسکیم شروع ہونے سے قبل ہی سادہ لوح افراد کو لوٹا جانے لگا، نوسرباز اسکیم کے نام پر5سو سے ہزار روپے میں جعلی فارم فروخت کرنے لگے، مسلم لیگ ن کی ضلعی قیادت نے شہریوں کو نوسربازوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوٹری ونواح میں مختلف افراد وزیر اعظم کی قرضہ اسکیم کے جعلی فارم 5 سو روپے سے ایک ہزار روپے میں فروخت کر رہے ہیں، فارم فروخت کرتے ہوئے سادہ لوح افراد کو پہلے یہ کہا جاتا ہے کہ آپ اپنی رکنیت مسلم لیگ ن میں 5 سو سے ایک ہزار روپے میں کروائیں تاکہ سب سے پہلے پرائم منسٹر اسکیم کے تحت انہیں ہی قرضہ یا لیپ ٹاپ فراہم کیا جاسکے، تاہم مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر نثار چانڈیو ایڈوکیٹ اور پیر اعظم نے پارٹی کے نام پر جعلی فارم فروخت کرنے والے نوسر بازوں کو پکڑنے کی کوشش کی گئی۔



لیکن وہ ان کے ہاتھ نہ آسکے، ن لیگ کے ضلعی رہنمائوں نے سیکڑوں کی تعداد میں جعلی فارم اپنی تحویل میں لے لیے اور کوٹری تھانے پر پارٹی کا نام استعمال کر کے جعلسازی کرنے والوں سے متعلق آگاہی دی اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا۔ ن لیگی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کچھ افراد سادہ لوح افراد کو لوٹ رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے اس طرح کی کوئی اسکیم ابھی شروع تک نہیں کی ہے لیکن ان نوسربازوں نے سیکڑوں کی تعداد میں فارم فروخت کر دیے ہیں، ضلعی قیادت سے رابطہ کرنے پر لوگوں کو معلوم ہوا جس پر انھوں نے نوسربازوں کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہوگئے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی نوسرباز کے چکر میں نہ آئیں، مسلم لیگ ن کی تمام اسکیموں کے فارم مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں