ڈنگی وائرس پھیلنے کا ذمے دار بلدیہ ہےڈی ایچ او حیدرآباد

شرجیل میمن نے اسپرے مہم کے لیے50لاکھ روپے کے فنڈ منظور کرائے تھے۔

اسپرے کرنا بلدیہ،ادویہ فراہمی محکمہ صحت کی ذمے داری ہے،ڈاکٹر غلام مصطفی عباسی ۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر غلام مصطفی عباسی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں ڈنگی وائرس پھیلنے کا ذمے دار بلدیہ ہے۔

کیونکہ اسپرے کرانا بلدیہ کے فرائض میں شامل ہے جبکہ اسپرے کے لیے ادویہ کی فراہمی محکمہ صحت کی ذمے داری ہے۔ ڈی ایچ او نے ڈاکٹر احمد حیدر کے ہمراہ ڈنگی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزیدکہا کہ کچرے کے ڈھیر، عیدقربان کے موقع پر آلائشیں، صاف اور خراب پانی کے کھلے جوہڑ اور عوام میں شعور نہ ہونے کی وجہ سے مچھروں کے افزائش ہورہی ہے۔حیدرآباد میں رواں سال کے دوران اب تک ڈنگی کے348 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صرف حیدرآباد سٹی میں کیسز کی تعداد 270 ہو چکی ہے ۔




 

انھوں نے بتایا کہ محکمہ صحت ڈنگی کے حوالے سے7 سرکاری اور 6 نجی اسپتالوں سے اعدادوشمار حاصل کرتاہے جس کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک 3077 افراد نے ڈنگی ٹیسٹ کرائے جس میں سے 409افراد میںوائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت 2بار اسپرے مہم کے حوالے سے معاونت فراہم کرچکاہے اور ڈنگی کے حوالے سے محکمے کو جو بھی ذمے داری دی جائے گی اسے احسن طریقے سے ادا کریں گے۔

انھوں نے بتایاکہ چند روز قبل صوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے اسپرے مہم شروع کے لیے50لاکھ روپے فنڈ منظور کراکر فوری طورپر ڈنگی سے بچاؤ کے لیے " کرش پروگرام " شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے چاروں تعلقوں میں ترتیب وار اسپرے مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت پہلے حیدرآباد سٹی، اس کے بعد لطیف آباد، پھر قاسم آباد اور اس کے بعد تعلقہ حیدرآباد دیہی میں اسپرے کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے حیدرآباد کے تمام اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کر کے تمام ادویہ فراہم کی گئی ہیں جب کہ ڈنگی کی تشخیص کے لیے تمام لیبارٹریز میں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story