جدید اسلحے کی خریداری کیلیے سندھ پولیس کو ایک ارب روپے جاری

بلٹ پروف جیکٹیں، مشین گنیں،بیلسٹک ہیلمٹس،جی تھری رائفلیں،ایل ایم جی،200موٹر سائیکل اور200 گاڑیاں خریدی جائینگی

رقم سابق صدر مملکت آصف زرداری نے کراچی پیکیج کے تحت مختص کی تھی،رقم سندھ پولیس کے شعبہ فنانس کو دیدی گئی فوٹو: فائل

پولیس کو جدید اسلحے،گولہ بارود ، بلٹ پروف جیکٹس اور گاڑیوں کی خریداری کے لیے ایک ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں۔

مذکورہ رقم 2011-12 کے بجٹ میں مختص کی گئی تھی، سابق صدر آصف زرداری نے کراچی پیکیج کے تحت سندھ پولیس کو 5 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جس میں سے 4 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جاچکے ہیں، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے کیلیے اسلحے اور گاڑیوں کی خریداری کے لیے ایک ارب روپے جاری کیے گئے ہیں یہ رقم 5 ارب روپے کے کراچی پیکیج کا حصہ ہے جو بجٹ میں مختص تھا جس کا سابق صدر آصف زرداری نے سندھ پولیس کے لیے اعلان کیا تھا۔




ذرائع کے مطابق کراچی پیکیج کے تحت پولیس کے لیے ڈھائی ارب روپے وفاق اور ڈھائی ارب روپے سندھ حکومت کو جاری کرنا تھے،سندھ حکومت نے ڈھائی ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کردی تھی جبکہ وفاق نے ڈیڑھ ارب روپے جاری کیے تھے اور ایک ارب روپے کا معاملہ طول پکڑگیا تھا جو اب جاری کیے گئے ہیں، سندھ حکومت نے مذکورہ رقم سندھ پولیس کے شعبہ فنانس کو دیدی ہے۔

ایک ارب روپے کی رقم سندھ پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے پر خرچ کی جائے گی اس ضمن میں 20 کروڑ روپے سے 5 ہزار بلٹ پروف جیکٹیں،ہیوی مشین گنیں، بیلسٹک ہیلمٹس، ڈیڑھ کروڑ روپے سے5 ہزار نائن ایم ایم پستول، جی تھری رائفلیں، ساڑھے 14 کروڑ روپے سے 500 ایل ایم جی خریدی جائیں گی،پولیس کو جدید گاڑیوں کی فراہمی کے سلسلے میں 40کروڑ روپے سے 200 موٹر سائیکلیں اور 200 پک اپ گاڑیاں خریدی جائیں گی، کروڑوں روپے کی لاگت سے گولیاں،راؤنڈز،کارتوس اور دیگر گولہ بارود بھی خریدا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story