ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکوں کی 13 روزہ مہم کا اعلان

18 سے 30  نومبر تک  ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی مہم سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد

کراچی میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائیں جائیں گے (فوٹو : فائل)

حکومت سندھ کی جانب سے شہر قائد میں پھیلی ٹائیفائیڈ کی وبااور بڑھتے ہوئے کیسز میں کمی لانے کے لیے 13 روزہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا اعلان ہوگیا، مہم کے دوران کراچی میں9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

کراچی ایکسپو سینٹر کے باہر شہر بھر میں 18 سے 30 نومبر تک ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی مہم سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ایچ او شرقی ڈاکٹر اشفاق احمد، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر ظہور احمد، ٹیکنیکل سپروائزر مہم ڈاکٹر در ناز، صارم برنی اور خواتین پولیو ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، واک سے قبل آسمان پر سبز اور سفید رنگ کے غبارے بھی اڑائے گئے جس کے بعد ایکسپو سینٹر سے حسن اسکوائر تک شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے واک کی۔


اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایسٹ ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ سندھ میں ٹائیفائیڈ مہم کا آغاز 18 نومبر سے ہوگا جو 30 نومبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران کراچی میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائیں جائیں گے ، ضلع شرقی میں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، مہم میں مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیو ورکرز کی ٹیمیں حصہ لیں گی، مہم کے دوران ساڑھے تین ہزار اسکول جائیں گے۔

والدین کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور ٹائیفائیڈ سے بچائیں، ہم اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

 
Load Next Story