اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 26 اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل

جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ان میں سید مصطفیٰ کمال،سید فیصل رضا عابدی، اسدعمر اور ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو بھی شامل ہیں

معطل ارکان پارلیمنٹ اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادیں تو ان کی رکنیت بحال کردی جائے گی، الیکشن کمیشن، فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 26 اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 26 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جن میں سے 3 کا تعلق قومی اسمبلی، 2 کا سینیٹ، 9 کا سندھ اسمبلی، 4 کا پنجاب اسمبلی، 7 کا خیبر پختونخوا اسمبلی اور ایک کا بلوچستان اسمبلی سے ہے، جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ان میں ایم کیوایم کے سینیٹر سید مصطفیٰ کمال، پیپلز پارٹی کے رہنما سید فیصل رضا عابدی، تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر اور سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو بھی شامل ہیں، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے بعد ان اراکین کی رکنیت بحال کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ارکان اور سینیٹروں کو 30 ستمبر تک اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی جبکہ 15 اکتوبر کو اثاثوں کی تفصیل جمع نہ کرانے والی کی رکنیت معطل کئے جانے کا اعلان کیا تھا تاہم عیدالاضحیٰ کے باعث اراکین کی رکنیت کی معطلی کا نوٹی فکیشن آج جاری کیا گیا۔
Load Next Story