حمزہ شہباز کو پی اے سی چیئرمین نہ بنانے پر ن لیگی ارکان قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی

(ن) لیگ کے ممبران ملک ندیم کامران ، سمیع اللہ خان، اقبال گجر اور ذیشان رفیع نے100 ارکان کے استعفے جمع کروائے


ویب ڈیسک November 14, 2019
(ن) لیگی ارکان نے استعفے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائے فوٹو: فائل

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہ بنائے جانے پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے احتجاجاً قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ماضی کی روایت کی برقرار رکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے تاہم 14 ماہ گزرنے کے باوجود ایسا نہ ہوسکا، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک ندیم کامران ، سمیع اللہ خان، اقبال گجر اور ذیشان رفیع نے 100 ارکان کے استعفے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادیئے۔

استعفے پیش کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے (ن) لیگی رہنما ملک ندیم کامران نے کہا کہ حکومت نے پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر کی، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو صوبائی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہ بنانے کے پیچھے وزیر اعظم کی مداخلت ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے معاملات میں مداخلت ناجائز عمل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں