یقین ہے کامیاب جوان پروگرام معیشت کی بہتری میں سازگار ثابت ہوگا وزیراعظم

نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک November 15, 2019
نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جب کہ یقین ہے کامیاب جوان پروگرام معیشت کی بہتری میں سازگار ثابت ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی اور کامیاب جوان پروگرام کی ماہانہ رپورٹ پیش کی، عثمان ڈار نے وزیراعظم کو پروگرام کی شفافیت، میرٹ اور درخواستوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صرف 20 دنوں میں 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، نوجوانوں کی بڑی تعداد نے 1 سے 5 لاکھ تک قرض کی درخواستیں دیں، درخواستوں کی اسکروٹنی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور قرض کی تقسیم آئندہ ماہ ہوگی۔

وزیراعظم نے پروگرام کی زبردست پذیرائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کےلئے وہ سب کریں گے جس سے کامیابی کی راہ ہموار ہو، نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں حکومتی سرپرستی ہر حال میں یقینی بنائیں گے، نوجوان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یقین ہے کہ کامیاب جوان پروگرام معیشت کی بہتری میں سازگار ثابت ہوگا، نئے کاروبار سے اقتصادی صورت حال میں بھی بہتری آئے گی، نوجوانوں کے روزگار کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے جب کہ میرٹ اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

بعد ازاں اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین کا 3 بار دورہ کیا اور ان کے وزرا، تھنک ٹینک سے ملاقات کی، چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، چین کی کامیابی کا راز لانگ ٹرم منصوبہ بندی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں سب سے مہنگی بجلی یہاں بن رہی ہے، پاکستان میں مہنگی بجلی کی وجہ شارٹ ٹرم پلاننگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا پہلاسال بہت مشکل تھا، اللہ تعالیٰ نے مشکل وقت سے گزار دیا ہے اور آج ہماری معیشت مستحکم ہوچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں