اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں جے یو آئیف کے دھرنے

اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے کارکنوں نے 26 نمبر چونگی سے جی ٹی روڈ بلاک کردی


ویب ڈیسک November 15, 2019
اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے کارکنوں نے 26 نمبر چونگی سے جی ٹی روڈ بلاک کردی، فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے کارکنوں نے دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کردیں۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے 'پلان بی' کے تحت ملک بھر میں دھرنوں کا سلسلہ دوسرےروز بھی جاری ہے، اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے کارکنوں نے 26 نمبر چونگی سے جی ٹی روڈ بلاک کردی۔

مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر صف بندی کرتے ہوئے نمازِ جمعہ ادا کی، سڑک کی بندش کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی میں حب لکی چورنگی پر جے یو آئی ف کی جانب سے دھرنا جاری ہے جس میں کارکناں کی بڑی تعداد شریک ہے، دھرنے کے باعث حب ٹول سے پہلے کنٹینرز کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

تونسہ شریف میں جے یوآئی کی طرف سے پلان بی کے تحت دوسرے روز بھی کھڈ بزدار کے مقام پر دھرنا دے کربین الصوبائی انڈس ہائی وے کھڈ بزدار پل کو بلاک کردیا، انڈس ہائی وے بند ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

جے یو آئی کی مقامی قیادت نے مشاورت کے بعد مریضوں اور مسافر بسوں کے لئے انڈس ہائی وے روڈ کو تھوڑی دیر کے لیے کھولنے کے بعد دوبارہ بند کر دیا۔

کندھ کوٹ میں جے یو آئی کے کارکنان نے بائی پاس گولا موڑ کے مقام پر دھرنا دے رکھا ہے، مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائر نذر آتش کیے اور روڈ بلاک کردیے۔ راستے کی بندش سے پنجاب اور بلوچستان سے سندھ میں داخل ہونے والی ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔

گھوٹکی میں جے یو آئی نے شاہراہ ٹول پلازہ کے مقام پر دھرنا دے دیا،کارکن بارش میں بھی احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں، قومی شاہراہ ٹول پلازہ پر جے یو آئی کے دھرنے کے باعث دونوں اطراف ٹریفک معطل ہے، دھرنے کے مقام پر جے یو آئی کارکنان کی جانب سے شامیانے لگائے گئے ہیں، مرکزی قیادت کے حکم پر چھوٹی بڑی مسافر گاڑیوں اور ایمبولینس کو راستہ دیا جارہا ہے۔

موٹروے پولیس نے پنجاب سے سندھ آنے والی ٹریفک کو موٹروے کی طرف موڑ دیا ہے، ٹریفک کو چوک ماڑی قومی شاہراہ سے ایم 5 ملتان سکھر موٹر وے سے گزارا جارہا ہے، سندھ سے پنجاب آنے والی ٹریفک کوروہڑی کے مقام پر سکھرملتان موٹروے سے گزارا جارہا ہے۔

دریں اثنا جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر کراچی اور حب (بلوچستان) کو ملانے والی آر سی ڈی ہائی وے کے دونوں ٹریک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

جے یو آئی کے رہنما اور سابق رکن اسمبلی عمر صادق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی قائدین کے حکم پر رات 8 سے صبح 8 بجے تک حب ریور روڈ کھول دیا گیا ہے مگر صبح 8 بجے سے دھرنا دوبارہ شروع ہوگا جو رات 8 بجے تک جاری رہے گا، دن کے اوقات میں ٹریفک کو گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ مرکزی قیادت نے یہ فیصلہ مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر کیا ہے، رات کے اوقات میں دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد سڑک پر لگے ٹینٹ سے قالین اٹھادیے گئے اور کارکنان نے سڑک کی صفائی بھی کی۔

دوسری جانب جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے بھی طے شدہ اوقات میں سندھ کے 5 مقامات پر جاری دھرنوں کو اٹھانے کی ہدایت جاری کردیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں