وزیراعظم کا اداروں کی نجکاری مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا حکم

نجکاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری دور کی جائیں، تکمیل سے حکومتی ریونیو میں اضافہ ہوگا، عمران خان


ویب ڈیسک November 15, 2019
اداروں سے بہترین نتائج کا حصول اور مجموعی طور معیشت کی بہتری نجکاری عمل کی اصل روح ہے، وزیراعظم (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نجکاری کا مقصد روزانہ کی بنیاد پر سرکاری خزانے کو کروڑوں اربوں روپے کے خسارے سے بچانا اور ان اداروں کو متعلقہ شعبوں میں اہل افراد کے حوالے کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نجکاری عمل میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِ نجکاری میاں محمد سومرو، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق، معاون خصوصی ذوالفقارعباس، سیکرٹری نجکاری رضوان ملک اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں نجکاری عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیرِ اعظم کو نجکاری کے لیے نشاندہی کی جانے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں اب تک کی پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔



اجلاس میں سیکریٹری نجکاری رضوان ملک نے نجکاری عمل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس عمل میں ان اداروں اور املاک کو شامل کیا گیا ہے جو سرکاری خزانے پرمسلسل بوجھ ہیں یا اپنی صلاحیت سے کم کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، ایسی سرکاری املاک کو بھی نجکاری عمل میں شامل کیا گیا ہے جو کہ سالہا سال سے غیر استعمال شدہ یا غیر منافع بخش ہیں۔

رضوان ملک نے بتایا کہ اربوں روپے مالیت کے مختلف سرکاری ادارے جن میں حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ، بلوکی پاور پلانٹ، ایس ایم ای بینک و دیگر شامل ہیں ان کی نجکاری کا عمل تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور ان اداروں کی نجکاری کے عمل میں بین الاقوامی طور پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے، ان اداروں کے علاوہ گدو پاور پلانٹ، نندی پور پاور پلانٹ، فرسٹ وویمن بینک جیسے مختلف اداروں کی نجکاری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ تاثردرست نہیں کہ نجکاری کے تحت حکومت محض نقصان کے حامل اداروں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتی ہے، نجکاری کا مقصد روزانہ کی بنیاد پر سرکاری خزانے کو کروڑوں اربوں روپے کے خسارے سے بچانا اور ان اداروں کو جن کی کارکردگی ان کی استعداد کے مطابق نہیں ان کو متعلقہ شعبوں میں اہل افراد کے حوالے کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اداروں سے بہترین نتائج کا حصول اور مجموعی طور معیشت کی بہتری نجکاری عمل کی اصل روح ہے، نجکاری کے عمل سے ان اداروں کی کارکردگی کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی جن کی کارکردگی عدم توجہ کے باعث گزشتہ سالہا سال سے ان کی اصل استعداد سے کم رہی ہے، نجکاری عمل کی جلداز جلد تکمیل سے حکومتی مالی وسائل خصوصاً نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوگا، جس سے حکومت کی جانب سے عوامی فلاح وبہبود کے زیادہ منصوبے شروع کرنے اور صحت، تعلیم و دیگر سہولتوں کی عوام تک فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔

سیکریٹری نجکاری کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجکاری کے لیے نشاندہی کیے جانے والے تمام اداروں کی نجکاری کو مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کیا جائے، اثاثوں اور اداروں کی نجکاری کے عمل میں شامل تمام وزارتوں کے متحرک کردار اور بھرپور تعاون کو بھی یقینی بنایا جائے، حکومت کی ترجیح ہونے کے سبب وزیرِ اعظم آفس کو نجکاری عمل کی پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے اور اس ضمن میں کسی بھی دقت کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں