مجموعی طور پر پولیس کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے وفاقی وزیر داخلہ

پولیس اہلکار عوام سے نرمی سے پیش آئیں اور سختی صرف ظالموں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہونی چاہئے، چوہدری نثار


ویب ڈیسک October 23, 2013
دارالحکومت کے 14 تھانوں میں کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کراچکے ہیں اور ملک کے دیگر شہروں کے تھانوں میں بھی کمپیوٹرائزڈ نظام کو متعارف کرایا جائے گا، چوہدری نثار علی خان فوٹو: ایکسپریس نیوز

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت مجموعی طور پولیس کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد پولیس لائنز میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے اور اس وقت صرف اسلام آباد ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں سیکیورٹی اداروں کو پہاڑ جیسی مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہمیں ان مشکلات پر مل کر قابو پانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت مجموعی طور پر پولیس کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے، پولیس کو ماڈل پولیس بنائیں گے اور امید ہے کہ اسلام آباد پولیس اپنے معیار کو برقرار رکھے گی۔

چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی سختی صرف ظالموں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہونی چاہئے، پولیس اہلکار عوام سے اچھے انداز میں پیش آئیں کیونکہ اس طرح کرنے سے آدھے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اگر اپنی کارکردگی بہتر بنائے گی تو ان کی مراعات میں بھی اضافہ کیا جائے گا، دارالحکومت کے 14 تھانوں میں کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کراچکے ہیں اور ملک کے دیگر شہروں کے تھانوں میں بھی کمپیوٹرائزڈ نظام کو متعارف کرایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں