عراق میں خودکش حملوں اور فائرنگ میں 25 پولیس اہلکاروں سمیت 48 افراد ہلاک متعدد زخمی

حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی پولیس چیک پوسٹ سے ٹکرادی، حکام

رواں ماہ عراق کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات میں 520 شہری ہلاک جب کہ رواں سال مختلف حملوں میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 5 ہزار 200 ہوچکی ہے۔ فوٹو؛فائل

عراق کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں، خودکش حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکاروں سمیت 48 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

عراقی حکام کا کہنا ہے کہ تمام پرتشدد واقعات پیر اور منگل کو پیش آئے، مغربی صوبے الانبار میں خودکش حملہ آور اور فائرنگ کرنے والے شدت پسند گاڑیوں میں سوار تھے، حملہ آوروں نے رتبا کےعلاقے میں 2 مختلف پولیس چیک پوسٹوں پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کرنے کے بعد دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی ایک چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 18 پولیس اہلکار موقع پر ہلاک جب کہ 3 شہریوں سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کےلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 10 پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔


مزید واقعات میں دارلحکومت بغداد میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے جب کہ موصل شہر میں بھی مسلح افراد نے 11 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، کرکوک میں 2 القاعدہ مخالف کمانڈروں کو اغوا کے بعد کردیا گیا جب کئی دیگر مقامات پر بھی فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ عراق کے مختلف علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں اور دیگر دہشت گردی کے واقعات میں 520 شہری ہلاک جب کہ رواں سال ہونے والے حملوں میں مارے جانے والے افراد کی تعداد 5 ہزار 200 ہوچکی ہے۔
Load Next Story