بی جے پی کی سیاست کی وجہ سے دادی اور والد کی طرح مجھے بھی قتل کیا جا سکتا ہے راہول گاندھی

بی جے پی نے مظفر نگر، گجرات، اتر پردیش اور کشمیر میں فسادات برپا کرائے، راہول گاندھی

بی جے پی کی اشتعال انگیز سیاست کی وجہ سے نفرت اور فسادات کو ہوا ملتی ہے جس کی وجہ سے انسانی جانوں کا ضیاع ہو تا ہے, کانگریس رہنما۔ فوٹو؛ فائل

لاہور:
بھارت کی حکمراں جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعت بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کی وجہ سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے اور دادی اور باپ کی ظرح انہیں بھی قتل کیا جا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجھستان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاست اتردیش کے ضلع مظفر نگر کے فساد زدہ علاقے کے لوگوں کا حال سن کر ان کا دکھ اپنے چہرے پر محسوس کر رہا ہوں۔ بی جے پی نے مظفر نگر، گجرات، اتر پردیش اور کشمیر میں فسادات برپا کرائے جس کی وجہ سے ملک کو شدید نقصان پہنچا، یہی وجہ ہے کہ میں بی جے پی کی سیاست کا مخالف ہوں، بی جے پی کی اشتعال انگیز سیاست کی وجہ سے نفرت اور فسادات کو ہوا ملتی ہے جس کی وجہ سے انسانی جانوں کا ضیاع ہو تا ہے۔


راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ میری دادی کو قتل کر دیا گیا، پھر میرے والد کو مار دیا گیا اور ہو سکتا ہے کہ ایک دن مجھے بھی قتل کر دیا جائے لیکن میں اس سے خوفزدہ نہیں ہوں۔

واضح رہے کہ راہول گاندھی کی دادی اندرا گاندھی کو ان کے اپنے ہی سییکیورٹی گارڈز نےبھارتی پنجاب میں سکھوں کے قتل عام کرنے پر انہیں قتل کر دیا تھا جبکہ ان کے والد راجیو گاندھی کو تامل ٹائیگرز نے قتل کیا تھا۔
Load Next Story