موٹرسائیکلیں چور باپ و 2 بیٹے گرفتار گاڑیاں داماد و بہنوئی بیچتے

ملزمان کی نشاندہی پرمزید9موٹر سائیکلیں برآمدکیں جو وہ اندرون سندھ لے جا کر60 ہزاراور30ہزارمیںفروخت کرتے تھے،ایس پی

نیوکراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ،موبائل فونز اورگولیاں برآمد کرلیں،الطاف حسین ۔فوٹو: ایکسپریس

FAISALABAD:
نیو کراچی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں باپ اور 2 بیٹوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، موٹر سائیکلیں ، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ایس پی نیو کراچی ڈویڑن الطاف حسین نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ان کی کوشش رہی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف منظم اور بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور اس سلسلے میں وہ ماتحت افسران کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر ملاقات کر کے کارکردگی کا جائزہ بھی لیتے تھے۔

ڈی ایس پی نیو کراچی شکیل اعوان اور ایس ایچ او نیو کراچی انسپکٹر طاہر حسین بھی موقع پر موجود تھے ،ایس پی الطاف حسین نے بتایا کہ نیو کراچی پولیس نے 2 مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کیا جس میں پہلی کارروائی نیو کراچی کے علاقے میں واقعے موبائل مارکیٹ کے قریب دوران گشت ایک موٹر سائیکل پر 3 مشتبہ افراد کو دیکھ کر پولیس نے روک کر تلاشی لی تو ان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے، موٹر سائیکل کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو وہ نیو کراچی تھانے سے چوری کی گئی تھی جس کا مقدمہ بھی تھانے میں درج ہے بعدازاں پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کیا تو انکشاف ہوا کہ وہ باپ اور بیٹے ہیں۔

الطاف حسین نے بتایا کہ پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر منظور ولد خدا بخش اور اس کے 2 بیٹوں نعیم اور سہیل ولد منظور کے خلاف مقدمات درج کرلیے جبکہ ملزمان نے دوران تفتیش دیگر موٹر سائیکلوں کے بارے میں انکشاف کیا جس پر پولیس نے ان کی نشاندہی پر نیو کراچی میں واقعے ایک پلاٹ پر چھاپہ مار کر مزید 9 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں جو کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف تھانوں کی حدود سے چوری و چھینی گئیں تھیں ، تینوں باپ اور بیٹے سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے نور محمد گوٹھ کے رہائشی ہیں جبکہ ان کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے ہے۔


الطاف حسین نے بتایا کہ ملزمان چوری و چھینی جانے والی موٹر سائیکلیں لاڑکانہ میں سعید نامی شخص کو فروخت کرتے تھے جو کہ گرفتار ملزم منظور کا داماد ہے جبکہ سعید کا ایک ساتھی امیر چانڈیو بھی اس کے ساتھ ملوث ہے اور پولیس ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزمان چوری و چھینی جانے والی نئے ماڈل 125 موٹر سائیکل 60 ہزار جبکہ 70 موٹر سائیکل 30 ہزار روپے میں فروخت کر دیتے تھے۔

الطاف حسین نے بتایا کہ ایس ایچ او نیو کراچی طاہر حسین نے دوسری کارروائی کے دوران مسلم ٹاؤن سیکٹر الیون ای ذیشان پارک کے قریب اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان عمران خان ، رحمٰن اللہ ، محمد نعیم اور عبدالعزیز کو گرفتار کر کے 4 ٹی ٹی پستول ، 13 موبائل فونز اور لوڈ میگزین بمع 16 گولیاں برآمد کرلیں۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ، ملزمان میں شامل ایک ملزم عبدالعزیز شارع نور جہاں کے علاقے میں ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی میں بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ سے اپنا گروپ فعال کر کے وارداتیں کر رہا تھا۔

 
Load Next Story