کتے کے کاٹے سے زخمی حسنین کی حالت تشویشناک وینٹی لیٹر پر منتقل

بچے کو انفیکشن ہے، اسٹیبلائز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، 72 گھنٹے اہم ہیں،ڈاکٹر محمد انور

حسنین کو علاج کیلیے بیرون ملک جانا پڑا تو لے جائیں گے، حلیم عادل، NICHآمد، ورثا سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے سے شدید زخمی معصوم بچے حسنین کو انتہائی تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا.

رکن میڈیکل بورڈ ڈاکٹر محمد انور کہتے ہیں بچے کو انفیکشن ہے اسٹیبلائز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حسنین کی حالت تشویشناک ہے ٹشوز بہتر ہونے کے بعد اگلی سرجری جائے گی۔

قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا کے مطابق حسنین کی حالت تشویشناک ہے اور آئی سی یو میں وینٹیلیٹر پر موجود ہے، حسنین کی صحت کے حوالے سے 72 گھنٹے اہمیت کے حامل ہیں، چار ڈاکٹرز پر مبنی میڈیکل بورڈ بچے کو اسٹیبلائز کرنے کی کوشش کر رہا ہے نگرانی کا عمل جاری ہے، مزید سرجری کے حوالے سے فیصلہ ڈاکٹرز کی کمیٹی کرے گی۔

رکن میڈیکل بورڈ چائلڈ سرجن ڈاکٹر محمد انور نے بتایا کہ حسنین کی مزید سرجری کی جائے گی، یہ سرجری عام سرجریز سے الگ نوعیت کی ہے، جیسے جیسے ٹشوز بہتر ہوتے جائیں گے اسکے بعد سرجری کریں گے۔


انھوں نے بتایا کہ بچے کے سر کے پچھلے حصے کا گوشت اور ناک مکمل طور پر غائب ہے، زخم بہتر ہونے کے بعد آنکھوں کا معائنہ تفصیلی طور پر کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں ہمیں بچے کو اسٹیبل کرنا ہے، بچے کو ابھی انفیکشن ہے، کتے کے کاٹنے کے نشانات جسم پر زیادہ تعداد میں موجود ہیں، جسم کے باقی اعضا کا بھی معائنہ جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ بچے کی عیادت کے لیے این آئی سی ایچ اسپتال پہنچے، ورثا سے ملاقات کی اور علاج کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ حسنین کو علاج کے لیے بیرون ملک جانا پڑا تو لے جائیں گے، وفاقی حکومت خرچہ اٹھائے گی۔

 
Load Next Story