محمد حسنین کے سری لنکا پر تباہ کن وار پاکستان فتحیاب

پیسر کی 6 وکٹیں، عماد بٹ 44 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب، گرین شرٹس کل اومان کیخلاف میدان میں اتریں گے


Sports Reporter November 17, 2019
پیسر کی 6 وکٹیں، عماد بٹ 44 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب، گرین شرٹس کل اومان کیخلاف میدان میں اتریں گے۔ فوٹو: پی سی بی

WASHINGTON DC: اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں محمد حسنین کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو 90 رنز سے قابو کرلیا۔

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمزایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو 90 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ، کاکس بازار بنگلہ دیش میں منعقدہ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بیٹنگ کے لیے مشکل کنڈیشنز کے باعث قومی ایمرجنگ ٹیم کے کپتان سعود شکیل سمیت ابتدائی 3 کھلاڑی محض 31 اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ روحیل نذیر اور سیف بدر کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

روحیل نذیر 37 اور سیف بدر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عماد بٹ اور خوشدل شاہ نے قدرے تیزکھیل کا مظاہرہ کیا۔ عماد بٹ نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 44رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ کی 32 رنز کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، قومی ایمرجنگ ٹیم 49.5 اوورز میں 183 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو نے 3وکٹیں حاصل کیں۔

184 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ محمد حسنین کی تیز رفتار بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ محمد حسنین نے حریف ٹیم کے اوپنر بھنوکا کو 15 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔

دوسری وکٹ کے لیے نیسانکا اور ہسیتا نے پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 45 رنز کی شراکت کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ نیسانکا نے 34 اور ہسیتا نے 22 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور31ویں اوور میں محض93 رنز پر حریف ٹیم کی بساط لپیٹ دی، محمد حسنین نے 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

عمر خان اور خوشدل شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، عمدہ بولنگ پر محمد حسنین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، قومی ایمرجنگ ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ پیر 18نومبر کو اومان کے خلاف کھیلے گی،دوسرے میچ میں افغانستان نے اومان کو 9 وکٹ سے ہرادیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں