مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقررکرنے کی تیاری

ہیڈکوچ کے لیے لیول 2 مگر اس پوسٹ کیلیے 3 کا سرٹیفکیٹ لازمی


Saleem Khaliq November 17, 2019
سابق اسٹار ان دنوں ’’بھارتی لیگ‘‘ قرارپانے والی ٹی10میں کوچنگ میں مصروف۔ فوٹو:فائل

مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی تیاری کر لی گئی، ان کی شخصیت کو ذہن میں رکھ کر ہی اشتہار تیار کیا گیا۔

پی سی بی نے گذشتہ دنوں قومی ٹیم کیلیے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کا اشتہار جاری کیا تھا،اس کیلیے لیول تھری کوچنگ سرٹیفائیڈ ہونااور الیٹ کرکٹرز، نیشنل یا انٹرنیشنل ٹیم کے ساتھ پانچ سالہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا، درخواست دینے کی آخری تاریخ 19 نومبر ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ہمیشہ کی طرح بورڈ نے اس بار بھی امیدوار پہلے منتخب کر کے رسمی کارروائی کے لیے اشتہار دیا، مشتاق احمد یہ عہدہ سنبھالنے کے لیے فیورٹ ہیں، وہ ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے اسپن بولنگ کوچ تھے، انھوں نے 2018میں سال میں 150دن تک کام کرنے کا معاہدہ کیا تھا، ان دنوں ابوظبی میں جاری ٹی10لیگ میں مشتاق دکن گلیڈی ایٹرز کے ساتھ منسلک ہیں۔

ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے مشتاق کو اپنے سپورٹ اسٹاف میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کی، دلچسپ بات یہ ہے کہ انھیں دہری ذمہ داریاں سونپنے پر مشتاق احمد نے مخالفت بھی کی تھی،سابق اسٹار ماضی میں انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں،پی سی بی نے ''بھارتی لیگ'' قرار دے کر ٹی 10میں کسی کرکٹر کو جانے نہیں دیا مگر مشتاق اس میں کام کر رہے ہیں، اب اگر انھیں قومی ٹیم کے ساتھ منسلک کیا گیا تو اس حوالے سے سوال اٹھ سکتے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق اسپنر ثقلین مشتاق بھی امیدواروں میں شامل ہیں لیکن مصباح کا ووٹ مشتاق کو حاصل ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں