مسلم پرسنل لا بورڈ کا بابری مسجد فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان

سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے اور مسلمانوں کو دوسری جگہ مسجد کیلیے 5 ایکڑ زمین دینے کا حکم دیا تھا

بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
جمعیت علمائے ہند کے بعد مسلم پرسنل لاء بورڈ نے بھی سپریم کورٹ کے بابری مسجد کیس کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کسی دوسری جگہ مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ زمین دینے کی مخالفت کرتے ہوئے ایک مہینے کے اندر بابری مسجد کیس کے فیصلے پر عدالت سے دوبارہ رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم پرسنل لا کے سیکرٹری ظفریاب جیلانی نے کہا کہ شریعت کے تحت مسجد اللہ کا گھر ہے جسے کسی اور کو نہیں دیا جا سکتا۔ مسلم لا بورڈ 5 ایکڑ زمین کی پیشکش کو بھی مسترد کرتا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کی جگہ مندر تعمیر کرنے کا حکم دے دیا


گزشتہ روز جمعیت علمائے ہند نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت مسلمانوں کو مسجد کی تعمیر کیلیے 5 ایکڑ زمین کی پیشکش کو رد کردیا تھا اور بابری مسجد فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔

قبل ازیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے روز ہی مسلم رکن اسمبلی اور سیاسی رہنما اسد الدین اویسی نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں مسجد کے لیے زمین کی خیرات نہیں بلکہ بابری مسجد چاہیے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: مسلمانوں کو 5 ایکڑ زمین کی بھیک نہیں بابری مسجد چاہیئے، اسد اویسی

تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ مسلم جماعتیں، ارکان اسمبلی اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اجتماعی طور پر بابری مسجد فیصلے کو چیلنج کریں گے یا انفرادی حیثیت میں پٹیشن دائر کریں گے۔ اس حوالے سے رابطوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے 9 نومبر کو اپنے فیصلے میں بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے اور مسلمانوں کو ایودھیا میں ہی دوسری جگہ مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ زمین دینے کا حکم دیا تھا۔
Load Next Story