چڑیا گھر سے نایاب جانور چوری ہونے کی تفتیش سی آئی ڈی کے حوالے

وزیر بلدیات نے قیمتی اور نایاب جانوروں کے چوری اور غائب ہونے کا نوٹس لے لیا

ایس پی سی آئی ڈی ایک ہفتے میں ان واقعات کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیر بلدیات کو پیش کریں گے۔ فوٹو: ایکسپریس

FAISALABAD:
کراچی چڑیا گھر سے قیمتی اور نایاب جانور چوری ہوگئے، وزیر بلدیات نے جانوروں کی چوری اور غائب ہونے کے واقعات کی تحقیق سی آئی ڈی کے سپرد کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں موجود قیمتی اور نایاب جانور چوری ہونے کے واقعات پر صوبائی وزیر بلدیات نے سخت نوٹس لیا ہے، وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے معاملے کی تحقیق کی ذمے داری سی آئی ڈی ڈپارٹمنٹ کے حوالے کی ہے اس معاملے پر محکمہ بلدیات کے اعلامیے کے مطابق وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے کراچی چڑیا گھر سے قیمتی اور نایاب جانوروں کے چوری ہونے اور غائب ہونے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان واقعات کی تفتیش اور تحقیق سندھ پولیس کے خصوصی تفتیشی سیل سی آئی ڈی کے سپرد کردی ہے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کا سربراہ ایس پی چوہدری اسلم کو بنایا گیاہے۔




ایس پی سی آئی ڈی ایک ہفتے میں ان واقعات کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیر بلدیات کو پیش کریں گے، وزیر بلدیات نے ایس پی سی آئی ڈی کو ہدایت کی ہے کہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے وزیر بلدیات نے کہا ہے کہ کراچی چڑیا گھر ایک قیمتی اثاثہ ہے،اس کی حفاظت حکومت کی اولین ذمے داری ہے،کراچی چڑیا گھرکو جدید سہولیات سے آراستہ کرکے مزید جانور منگوائے جائیں گے انھوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کی حفاظت، صفائی ستھرائی اور عوام کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
Load Next Story