عوام کی خواہش پر سجاول کوضلع بنایا اویس مظفر

جب تک زندہ ہوں ٹھٹھہ کی زمین کسی اور ضلع میں شامل نہیں ہونے دونگا، وزیر بلدیات


Nama Nigar October 24, 2013
وزیر اعلیٰ سندھ سے کوئی اختلاف نہیں، بلدیات میں تقرریوں کی تحقیقات کیلیے کمیٹی بنا دی، اویس مظفر۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: صوبائی وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ کے عوام کی خواہش پر سجاول کو نیا ضلع بنایا گیا ہے۔

جب تک وہ زندہ ہیں ضلع کی زمین کسی اور ضلع میں شامل نہیں کی جائے گی۔ سابق صوبائی وزیر صادق علی میمن سے ان کے کزن کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئیان کا کہنا تھا کہ ضلع سجاول میں دفاتر کیلیے نئی عمارات کی تعمیر اور انتظامی افسران مقرر ہونے تک ڈپٹی کمشنر سجاول کا چارج ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ آغا شاہنواز بابر کو دیا گیا ہے۔ ٹھٹھہ کے عوام کی خواہش کو سامنے رکھتے ہوئے ضلع کو2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،سجاول ضلع کے قیام کے بعد عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں میسر ہوں گی۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے ان کے کوئی اختلافات نہیں، سید قائم علی شاہ ایک اچھے، ایماندار اور محنتی وزیر اعلیٰ ہیں جو کہ صوبے کے امور بہتر طریقے سے چلا رہے ہیں۔



 

انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں گزشتہ 10 برسوں کے دوران کی گئی تقرریوں کی تحقیقات کے لیے سیکریٹری بلدیات کی سربراہی میں کمیٹی بنائی گئی ہے اگر کوئی تقرری غیرقانونی ثابت ہوئی تو اس عملے کو فارغ کر دیا جائے گا۔ محکمہ بلدیات کی پراپرٹی بہت زیادہ ہے اور بڑے عرصے سے ان کے وہی پرانے ریٹ ہیں اس لیے اب مارکیٹ کے حساب سے ان کے نئے ریٹ مقرر کیے جائیں گے تاکہ ادارے کی آمدنی میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی الیکشن کا پہلے ہی اعلان کر چکی ہے اس کے باوجود سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے حضرت مخدوم فضیل شاہ قادری اور حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کے مزارات پر حاضری دی اور چادریں چڑھا کر دعا مانگی۔

دریں اثناء صوبائی وزیر بلدیات نے مکلی کے مقامی ہال میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں ترقیاتی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار کا خاص خیال رکھا جائے، غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے والے افسران سے باز پرس کی جائے گی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ارباب وزیر احمد میمن، ایم پی اے ریحانہ لغاری، صادق علی میمن، غلام قادر ملکانی، حاجی عثمان جلبانی، حاجی عثمان ملکانی، اعجاز خواجہ، حمید میمن، ڈاکٹر عبدالواحد سومرو، ڈاکٹر الطاف خواجہ، محمد علی ملکانی، ڈپٹی کمشنر آغا شاہنواز بابر اور مختلف محکموں کے افسران اور ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔ قبل ازیں ٹھٹھہ پہنچنے پر صوبائی وزیر بلدیات کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں