ایکسپریس کرکٹ ٹورنامنٹ وائٹ اسٹار کلب نے جیت لیا

ینگ اسٹار کو 7 وکٹوں سے شکست، 50 رنز بنا کر وسیم ڈاہری مین آف دی میچ

شائقین کرکٹ اورمعززین شہر کی بڑی تعدادشریک، ڈپٹی کمشنر نے انعامات تقسیم کیے فوٹو: اے ایف پی / فائل

روزنامہ ایکسپریس کے زیر اہتمام ایکسپریس میلہ کرکٹ ٹورنامنٹ کافائنل سورھیہ بادشاہ اسٹیڈیم سانگھڑ میں منعقد ہوا جس میں وائٹ اسٹار کرکٹ کلب نے ینگ اسٹار کلب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی،میچ میں شائقین کرکٹ اورمعززین شہر کی بڑی تعدادشریک، ڈپٹی کمشنر نے انعامات تقسیم کیے۔

تفصیلات کے مطابق ایکسپریس میلہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل وائٹ اسٹار اور ینگ اسٹار کے درمیان ہوا، ینگ اسٹار نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر اس کے ٹاپ آرڈرز بٹسمین فلاپ ہوگئے اور صرف 109رنز کا ٹارگٹ دینے میں کامیاب ہوئی، وائٹ اسٹار کرکٹ کلب کے اوپنر دانش احمد اور فرخ علی نے بہتر اسٹارٹ دیا اور کیپٹن وسیم احمد ڈاہری کی 50رنز کی اننگ کی وجہ سے با آسانی 7وکٹوں سے فائنل میچ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔

فائنل میں مین آف دی میچ وسیم احمد ڈاہری قرار پائے،مہمان خصوصی ڈی سی سانگھڑ سکندر علی خشک سمیت ای ڈی سی ٹو دیدار بلوچ، ڈی ایچ او نذیر احمد شیخ، سول سرجن سانگھڑ ڈاکٹر فاروق احمد اعوان ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سانگھڑ کے جنرل سیکریٹری ظفر حیات پٹھان ایڈوکیٹ، ایم کیو ایم کے انور مغل، رضا محمد خاصخیلی ایڈووکیٹ، جنرل سیکریٹری پریس کلب حاجی عیدو جیلانی ، ڈاکٹر بشیر احمد، ڈاکٹر امیر بخش بروہی، میجر کامران احمد سمیت دیگر معزز شہریوں اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔




ڈپٹی کمشنر سکندر علی خشک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ ایکسپریس کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو صحافتی خدمات کے ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے انکے ٹیلنٹ کو نمایاں کرنے کیلیے ایسے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکے عملی اقدام کررہی ہے۔

آرگنائزر صغیر احمد راجپوت نمائندہ ایکسپریس، کرکٹ ایسوسی ایشن ضلع سانگھڑ کے عہدیداران جلیل لانڈر، انور مغل، عبدلارحمن خاصخیلی نے کہا کہ سانگھڑ اسٹیڈیم بے شمار مسائل کا شکار ہے، بجلی کا کنکشن نہ ہونے سے ٹیموں اور کھلاڑیوں کو پریشانی کا سامنا ہے، میدان میں گھاس کی ضرورت ہے جبکہ مین گیٹ سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی کرائی۔ آخر میں ڈی سی سانگھڑ سکندر علی خشک سمیت دیگر مہمان گرامی نے کامیاب کرکٹ ٹیم کو روزنامہ ایکسپریس کی جانب سے انعامات تقسیم کیے۔
Load Next Story