بنگلور ٹیسٹ کوہلی نے بھارتی پوزیشن بہتربنا دی

ناقابل شکست 93 کی اننگز، ٹیم کے 5 وکٹ پر 283 رنز،نیوزی لینڈ365 پر آئوٹ

بنگلور ٹیسٹ: بھارتی بیٹسمین ویرت کوہلی گیند کو اسکوائر لیگ بائونڈری کی سیر کرارہے ہیں، نیوزی لینڈ کیخلاف انھوں نے ناقابل شکست 93 رنز بنائے (فوٹو : ایکسپریس)

KARACHI:
بنگلور ٹیسٹ کے دوسرے روز ویرت کوہلی نے ناقابل شکست 93 رنز اسکور کرکے بھارت کی پوزیشن بہتر بنا دی، 80 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے والی ٹیم نے دن کے اختتام تک 5 وکٹ پر 283 رنز بنالیے، مہندرا سنگھ دھونی 46 رنز کے ساتھ دوسرا اینڈ سنبھالے ہوئے ہیں، سریش رائنا نے 55 اور وریندرسہواگ نے 43 رنز اسکور کیے، ٹم سائوتھی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 365 رنز پر آئوٹ ہوگئی، آخری 4 وکٹیں 20 رنز کے دوران گریں، پراگیان اوجھا نے 5 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔


تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے 5 وکٹ پر 283 رنز بنالیے، اسے خسارے سے نکلنے کیلیے ابھی مزید 82 رنز کی ضرورت ہے،اننگزکا آغاز اچھا نہیں ہوا اور صرف 80 رنز پر چار ٹاپ بیٹسمین پویلین واپس لوٹ گئے، اوپنر گمبھیر 2 رنز پر سائوتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے، 27 کے مجموعے پر چتیشور پجارا 9 رنز پر سائوتھی کی دوسری وکٹ بنے کیچ بولٹ نے تھاما، بریسویل نے 17 رنز پر بیٹنگ کرنے والے سچن ٹنڈولکر کی مڈل اسٹمپ اڑائی،

اس موقع پر کوہلی اور سریش رائنا کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 99 رنز کی شراکت ہوئی، رائنا 55 رنز پر سائوتھی کی گیند پر وکٹ کیپر وان ویک کا کیچ بنے، جب ہفتے کو کھیل کا اختتام ہوا تو کوہلی 93 اور دھونی 46 رنز پر کھیل رہے تھے، ٹم سائوتھی نے 3 اور ڈگ بریسویل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل 328 رنز 6 وکٹ سے دن کا آغاز کرنے والی کیوی ٹیم 365 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کروگر وان ویک نے 71 اور ڈگ بریسویل نے 43 رنز اسکور کیے۔پراگیان اوجھا نے 5 اور ظہیر خان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story