پاسڈیک نے ماربل کی میکنائزڈ کوائرنگ سے انقلاب پیدا کردیا

ماربل برآمدمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،حکومت پاسڈیک سے تعاون کرے، چیئرمین ایپمیا


Khususi Reporter September 02, 2012
ماربل برآمدمیں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،حکومت پاسڈیک سے تعاون کرے، چیئرمین ایپمیا فوٹو عائشہ میر ایکسپریس

آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن (ایپمیا) کے چیئرمین سردار سکندر حیات خان جوگیزئی نے پاکستان کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی ترقی کیلیے پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی (پاسڈیک ) کی گرانقدر خدمات اور کوششوںکو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاسڈیک نے ماربل کی میکنائزڈ کوائرنگ متعارف کراکر اس شعبے میں انقلاب پیدا کردیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی ماربل برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو ملکی معیشت کیلیے خوش آئند بات ہے۔

اس ضمن میں گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ماربل اور گرینائٹ کے اسٹیک ہولڈرز کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حکومت اور اسٹیک ہولڈرزپر زوردیا کہ وہ قومی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کیلیے پاسڈیک کی بھرپور امداد اور تعاون کریں تاکہ وہ پوری قوت اور جانفشانی سے ماربل سیکٹر کی ترقی کیلیے کام کرتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاسڈیک اسٹیک ہولڈرز اور حکومت کے درمیان موثر رابطے کیلیے ایک مضبوط پل کا کرادر ادا کررہی ہے جس سے اسٹیک ہولڈرز کو اپنی مشکلات کے ازالے میں مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوردراز اورپسماندہ ترین علاقوں میں ماربل ہی ذریعہ معاش ہے اس لیے اس سیکٹر کی ترقی کے ثمرات نہ صرف مقامی لوگوں کو میسر آئیں گے بلکہ 18کروڑ عوام اس سے مستفید ہوںگے، کوائرنگ اور پروسیسنگ میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جو سماجی اقتصادی ترقی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاسڈیک کی جانب سے اندرون اور بیرون ملک ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کی موثر نمائندگی اورمثبت کوششوں کے نتیجے میں اب غیرملکی خریدار اور سرمایہ کار مقامی اسٹیک ہولڈرز پر اعتماد کا اظہارکرنے لگے ہیں جس سے برآمدات میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے، یہ بہت خوشگوار تبدیلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں