چیرمین نیب نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی

راجا پرویزاشرف کیخلاف رینٹل پاورکیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال پر نوڈیرو پاور پلانٹ ٹو میں ریفرنس دائر کیا جائے گا

چیرمین نیب سابق وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی۔ فوٹو: فائل

نیب کے چیرمین قمر زمان چوہدری نے رینٹل پاور کیس میں سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان کی سربراہی میں نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں راجا پرویز اشرف سمیت دیگر افراد کے خلاف رینٹل پاور کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی بنا پر نوڈیرو پاورپلانٹ ٹو میں ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، راجا پرویز اشرف پر قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے اور بطور وفاقی پانی وبجلی اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔


نیب حکام کے مطابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نوڈیرو پاور پلانٹ ون اور ٹو میں نامزد ملزم ہیں اور نیب نے کرائے کے ان دونوں بجلی گھروں سے متعلق اپنی تفتیش مکمل کرکے نیب کے اعلیٰ حکام کو بجھوا دی تھی تاہم چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے پر یہ معاملہ تعطل کا شکار تھا۔ ان دونوں ریفرنسز میں سابق سیکریٹری پانی و بجلی شاہد رفیع، ایڈیشنل سیکرٹری شیخ ضرار اسلم اور سابق چیئرمین پیپکو طاہر بشارت چیمہ سمیت دیگر 10 افراد بھی ملزم قرار دیئے گئے ہیں جن کے خلاف رواں برس احتساب عدالت میں عبوری ریفرنس پیش کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے رینٹل پاور منصوبوں میں اربوں روپے کی خرد برد کے پیش نظر تمام معاہدوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بجلی گھروں کے مالکان کو پیشگی وصول کی گئی تمام رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی، سابق وزیر اعظم کے خلاف کرائے کے بجلی گھروں سے متعلق تفتیش کرنے والے نیب کے اعلیٰ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران فیصل اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جبکہ سابق چیئرمین نیب فصیح بخاری نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ راجا پرویز اشرف اس ریفرنس میں براہ راست ملزم نہیں اور نہ ہی اُن کے خلاف ایسے کوئی شواہد نیب کو موصول ہوئے ہیں۔
Load Next Story