مسٹر پرفیکٹ نہ کنگ خان سلومیاں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے بالی ووڈ اسٹار

سلمان خان آج کل فلموں میں اداکاری کا 60 کروڑ، عامر خان 45 کروڑ اور شاہ رخ خان 35 کروڑ روپے معاوضہ وصول کرتے ہیں۔

بالی ووڈ میں اپنی منفرد اداکاری کے باعث تینوں خانز فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے ہیں۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
بالی ووڈ میں اپنی منفرد اداکاری کے باعث بڑا مقام رکھنے اور فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے والے تینوں خانز فلم میں کام کرنے کا بھاری معاوضہ وصول کرتےہیں لیکن ان سب پر بھاری ہیں سلومیاں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان تو خانز پر بھی بھاری ہیں، بھارت کو بڑی سپر ہٹ فلمیں دینے والے سلو میاں آج کل کسی بھی فلم میں کام کرنے کے 60 کروڑ روپے وصول کررہے ہیں جب کہ مسٹرپرفیکٹ عامر خان نے وجے کرشنا اچاریہ کی نئی آنے والی فلم ''دھوم تھری'' میں مرکزی کردار ادا کرنے کا 45 کروڑ روپے معاوضہ وصول کیا اور بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے یش چوپڑا کی رومانوی فلم جب تک ہے جان میں کام کرنے کے 35 کروڑ روپے لئے۔


بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن بھی مشکل ڈانس اور ایکشن کے باعث اپنی مثال آپ ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے راکیشن روشن کی ہدایت کاری میں بننے والی اپنی ہی ہوم پروڈکشن کرش تھری میں کام کرنے کے 25 کروڑ روپے لئے، فلم دل جلے سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اجے دیوگن ایک فلم میں کام کرنے کا 18 کروڑ روپے لیتے ہیں جب کہ راک سٹار رنبیر کپور نے اپنی اداکاری کا 15 کروڑ روپے معاوضہ طے کررکھا ہے، جب کہ خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار 40 سے 45 کروڑ اور پٹودی خاندان کے نواب سیف علی کسی بھی فلم میں کام کرنے کا 15 سے 20 کروڑ روپے معاوضہ لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ فلمی ستارے فلموں میں کام کیلئے طے شدہ معاوضے کے علاوہ فلم کی کامیابی پر کمیشن بھی لیتے ہیں جو کروڑوں روپوں میں ہوتا ہے۔

Load Next Story