دبئی ٹیسٹ میں قومی بلے بازوں کے بعد بولرز بھی ناکام پروٹیز کے 4 وکٹوں پر 460 رنز

جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف 361 رنز کی پہاڑی جیسی برتری حاصل ہوگئی ہے۔


ویب ڈیسک October 24, 2013
گریم اسمتھ 27ا اور ابراہم ڈی ویلئیر 157کے انفرادی اسکور پر کل پھر پاکستان کی درگت بنانے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے بلے باز تو ناکام ہوئے ہی تھے لیکن پروٹیز نے بالروں کو بھی نہیں بخشا اور دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 460 رنز بنالئے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا نے 128 رنز 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کپتان گریم اسمتھ 67 جبکہ نائٹ واچ مین کی حیثیت سے آنے والے بیٹسمین ڈیل اسٹین 3 رنز کے مجموعی اسکور پر موجود تھے، 134 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو ڈیل اسٹین کی صورت میں کامیابی ملی تو یہ سمجھا جانے لگا کہ جنوبی افریقا کے دیگر کھلاڑی بھی زیادہ بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوپائیں گے لیکن سارے خیال دھرے کے دھرے رہ گئے، گریم اسمتھ اور ابراہم ڈی ویلیئر نے قومی بولروں کی وہ دھلائی کی کہ انہیں اپنی لائن و لینتھ کا خیال تک ہی نہ رہا۔ دونوں کھلاڑیوں نے کریز کے چاروں طرف وہ شاٹس کھیلے کے پاکستان کا ہر کھلاڑی صرف دھول ہی ملتے رہ جاتا۔

نہ تو سعید اجمل کی جادوگری کام آئی اور نہ ہی ذوالفقار بابر کا ہنر، عرفان اور جنید کا بھی ہر وار رائیگاں گیا اور دونوں پروٹیز کھلاڑی ایسے کھیلتے رہے جیسے وہ اسکول کے بچوں کے سامنے کھیلنے آئے ہیں، اس دوران گریم اسمتھ نے اپنی ڈبل سنچری اور ابراہم ڈی ویلئیرز نے سنچری مکمل کی لیکن پاکستان کو کوئی کامیابی نہ مل سکی اور پورا دن اسی طرح نکل گیا، کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 4وکٹوں کے نقصان پر 460 ربنز بنالئے اوراسے گرین شرٹس کے خلاف 361 رنز کی پہاڑ جیسی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں