میسی تمہارا رونالڈوکس کا

پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے لائنل میسی دنیائے فٹ بال کے دو انمول ہیرے ہیں


نادر شاہ عادل November 20, 2019

پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے لائنل میسی دنیائے فٹ بال کے دو انمول ہیرے ہیں۔ ان کے کھیل کی جمالیات نرالی اور میکانیت پر اسرار ہے۔ ان کے پرستاروں کی تعداد لاکھوں میں ہے، جب فیفا کا ورلڈ کپ ہوتا ہے تو دنیا کے تقریباً 4 ارب انسان ٹی وی سے دوستی کر لیتے ہیں۔

فٹبال دنیا کا سب سے بڑا عوامی کھیل ہے، اربوں ڈالر اور پاؤنڈ اسٹارکھلاڑیوں کی نذرکیے جاتے ہیں۔ پرتگال کے سابق عظیم کھلاڑی لوئیس فیگو پاکستان کے دو بار دورے پر آئے، کاکا اور رونالڈو ہو بھی آئے مگر ارجنٹائن کے مایہ ناز فٹ بالر میرا ڈونا ابھی تک پاکستان نہیں آئے، غالباً پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے برازیل کے جادوگر کھلاڑی ''پیلے'' کو پاکستان لانے میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔

جہاں تک میسی اور رونالڈوکے کھیل کا تعلق ہے ، ان میں نام نہاد انداز میں روایتی تقابل مناسب نہیں، کون بڑا فٹبالر ہے کون چھوٹا ایسی کوئی بات۔ دنیا کے لاکھوں شائقین فٹ بال انھیں کھیلتا دیکھتے ہیں۔ ان کے کھیل کی انفرادیت ،گیند سے چمتکاری، میدان میں لوگوں کو تفریح مہیا کرنے اور فٹبال کو ایک آرٹ کا درجہ دینے میں دونوں کی خدمات اور صلاحیتوں کی دنیا معترف ہے۔

میسی اور رونالڈوکی عالمی پسندیدگی میں ایک اہم عنصراس سوال کا بھی ہے کہ یہ دو کھلاڑی صرف ارجنٹائن اور پرتگال کے حصے میں کیوں آئے، دنیا میں ایسے ہزاروں کھلاڑی کیوں پیدا نہیں ہوتے ، بے شک ایک سے ایک خوبصورت فٹبالر میدان میں موجود ہے، شاندار کھلاڑیوں سے بارسیلونا ، رئیال میڈرڈ ، ایٹلیکٹیکو ، بائرن میونخ ، مانچسٹر یونایئٹڈ، مانچسٹر سٹی ، لیور پول، یونٹس، چیلسی، آرسنل، ٹوٹنہیم ، کرسٹل پیلس وغیرہ کے بہترین فارورڈز، مڈ فیلڈرز اور ڈیفنڈرز اپنے منفرد اسٹائل اور ٹیم ورک سے کھیل کی زلفیں سنوارتے ہیں، نامی گرامی گول کیپرز دیوار چین بن کر باکمال فٹبالر کی تیر سے نکلی ہوئی گیند کو حیران کن طریقے سے یقینی گول بچاتے ہیں ، بڑے خطرناک کھلاڑیوں کو ڈینجر زون میں اسکورکرنے سے ناکام بناتے ہیں۔

یوں فٹبال ایک دلکش ٹیم ورک کا کھیل ہے جسے ذہین، شاطر وعیار اور پاگل بنا دینے والے ڈاجز کے ماہر کھلاڑی شائقین کے جذبات میں ہلچل مچا دیتے ہیں، لیکن دو ٹیموں کے 11-11 کھلاڑی میدان میں ایک وقت کی تفریح کے دلفریب گلدستہ بن جاتے ہیں، ہرکھلاڑی کی مہک کوبہ کو پھیل جاتی ہے۔ ہم اس نشست میں ان عظیم کھلاڑیوںکی صرف یاد کو باقی رہنے دیتے ہیں جو میسی اور رونالڈو کے پیشرو ہیں، ان کی کوششوں ، میچز اور انفرادی کھیل کی سحر انگیزی کا یہ نتیجہ ہے کہ دنیا آج کرسٹیانو رونالڈو اور لائنل میسی کی دیوانی ہے۔

پسند اپنی اپنی کے تحت ہم میسی اور رونالڈوکے حوالے سے عالمی مبصرین اور فٹبالروں کے ناقدین کی رائے کا ایک مجموعی جائزہ لیتے ہیں ، اگرچہ اس پوسٹ مارٹم کو ہر وہ شخص رد کرسکتا ہے جس نے میسی اور رونالڈوکو اپنی آنکھوں کے سامنے کھیلتے دیکھا ہے، اب بھی دیکھ رہے ہیں ، ان کے لیے یہ کوئی اعلیٰ ریٹنگ نہیں، کسی کیٹیگری کا چناؤ نہیں، بس ایک عمومی مانیٹرنگ ہے جو فٹبال کے ماہرین نے یکجا کی ہے۔ اس کا مقصد نوجوان نسل کو ان دو عظیم کھلاڑیوں کے کھیل کی سرمستی، دیوانگی اور محبت سے آگاہ کرنا ہے ۔ فٹبال صرف کھیل نہیں بلکہ فٹبالرز بے پایاں سفارت کاری، بین الاقوامی یکجہتی، اسٹرٹیجک قربت اور انسان دوستی کے پیغامبر اور علمبردار کہلانے کے مستحق ہیں۔

دیکھیے ناں! پرتگال اور ارجنٹائن کے دو کھلاڑی پاکستانیوں کے دل میں بستے ہیں، ان کو پسند کرتے ہیں، ان کے کھیل اور آف دی فیلڈ سرگرمیوں سے روشناس ہونا چاہتے ہیں۔ ان میں ہزاروں ہمارے ایسے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شامل ہے جنھیں اپنے وطن میں ٹکے کی عزت نہیں ملتی ۔ 70سال گزرگئے پاکستان فٹبال فیڈریشن سانپ سیڑھی کا شرم ناک کھیل کھیلنے کو فٹ بال کا نام دیتی ہے، ارے کہاں راجہ بھوج کہاں گنگو تیلی ۔ لیجیے ، پردہ اٹھتا ہے، سامنے کرسٹیانو رونالڈو اور لائنل میسی کھڑے مسکرا رہے ہیں۔ ان کے کھیل پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رونالڈوکی حیثیت اپنی ٹیم میں رہنما کی ہے، وہ ٹیم لیڈر ہے، رفتار کا بادشاہ ، ہیڈ سے گول کرنے میں اسے میسی پر سبقت حاصل ہے، میسی غیرمعمولی ڈربلر ہے، چمتکار ہے، بہترین پاس میکر ہے، رونالڈوگول اسکورر ہے، شکار کی طرح گیند پر جھپٹتا ہے، اس کی فری کک یا گیند پر یلغارکرتے ہوئے ہیڈ سے گینڈ کو جال میں پہنچانا ایک راکٹ لانچر کی طرح کا واقعہ ہے۔ دونوں حاضر دماغی کا شاہکار ہیں، رونالڈو میں تیزی و پھرتی میسی جیسی نہیں، لیکن رونالڈو گیند لیے دوڑنے لگتا ہو تو اس کی رفتار کا کوئی ساتھ نہیں دے سکتا۔ میسی کی فری کک کسی حسینہ کی ادا سے کم نہیں، گیند جال میں گئی تو لاکھوں کے دل لوٹ لیتی ہے۔

رونالڈو میجسٹک کھلاڑی ہے، اس کی چال ڈھال شاہانہ ہے ، قد کاٹھ اور وزن میںبھی میسی سے آگے ہے ، میسی کو لوگ گفٹڈ پلیئرکہتے ہیں، اس کی موومنٹ، رفتار اور ڈربلنگ میں لہرانا ، بل کھانا ایک دھمال ڈالنے کے مترادف ہے، وہ کبھی تو گیند لے کر یوں دوڑتا ہے جسے میدان میں سفید وسیاہ آندھی ساتھ چلنے لگی ہوں ، مخالف کھلاڑی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح ادھر ادھر لڑھک جاتے ہیں۔ کرسٹیانو ایک مکمل فٹبالر ہے،کسی ایتھلیٹ کی طرح دراز قد اور طاقتور۔ رونلڈو اٹیک اور ڈیفنس میں صفیں الٹتا ہے۔ میسی گول کرنے پرآئے تو لائن لگا دیتا ہے۔ میسی اور رونالڈو نئی نسل کے لیے مشعل راہ بتائے جاتے ہیں، دونوں کی فٹبال سے یکجہتی ، عقیدت اور وابستگی بے مثال ہے۔ دونوں ہیرے موتی ہیں۔

ان کا اجتماعی امیج فٹبال کا عالمی حسن ہے، میسی نے کہا تھا کہ مجھے 17 سال اور 114 دن لگے فٹبالر بننے میں، ایک مبصر نے کہا کہ یہ سوچنا ہی غلط ہے کہ رونالڈو میسی سے آگے ہے، میسی کے انسٹاگرام پر 104 ملین کی فالوونگ ہے، میسی کا وژن ہے، وہ کنگ آف پاسز ہیں۔

ڈیفنس کو تہس نہس کرنے والے اسٹرائیکر ہیں۔ اس کی موومنٹ بنانے کی خوبی مترنم ہے، اس کی پاسنگ سمندر جیسی موجزن ہونے کا پتا دیتی ہے۔ رونالڈو Waltz اور Jazz کا موسیقار لگتا ہے، اس کے پاسز میں ''لیوا'' ڈانس کا مزہ آتا ہے۔ میسی کے لیے بیک وقت چار پانچ کھلاڑیوںکو چکمہ دینا بائیں ہاتھ کا کام ہے، یہی کام رونالڈو اپنی ٹانگوں کے کرتب اور ڈربلنگ کی ناقابل یقین خوبیوں سے لیتے ہیں۔مگر سب مبصرین متفق ہیں کہ دباؤ اور پریشر میں میسی اور رونالڈو کے کھیل کا حسن ماند پڑ جاتا ہے، اور یہ منظر ورلڈ کپ کے میچز میں صاف نظر آتا رہا ہے، دنیا کے منجھے ہوئے مخالف کھلاڑیوں نے میسی اور رونالڈو کو بد ترین انداز میں ''مارک'' کرکے روکے رکھا، یعنی نہ کھیلیں گے نہ کھیڈن دیاں گے۔ کرلو جوکرنا ہے۔

جرمن گول کیپر مینول نیور نے کہا کہ بیساختگی میسی کا کمال ہے، وہ کہتے ہیں جنھوں نے بائرن میونخ کا میچ دیکھا ہو وہی میسی کی طاقت اور صلاحیت کا لوہا مان سکتے ہیں۔ ویڈیوز میں دونوں کا کھیل نظر آتا ہے۔ میسی کی برسٹنگ اسپیڈ شاندار ہے، وہ دھماکا کرتا ہے، اپنی ہائی اسپیڈ وولٹیج سے کام لیتا ہے، اس کی اولین 15میٹر کی ریس ہی سحر انگیز ہوتی ہے۔ فٹبال کے ماہر نقادوں کا کہنا ہے کہ ہر بڑا کھلاڑی 10 میٹر کی دوڑ میں اپنی رفتار، ڈاجنگ، کراسنگ اور اٹیکنگ کے جوہر دکھاتا ہے، دونوں تیز رفتار ہیں، مگر گیند لے کر دوڑنے میں رونالڈو کی خوبی بلا روک ٹوک رفتار اور میسی کی زگ زیگ خوبصوت منظر پیش کرتی ہیں۔

شائقین اور ماہرین میں میسی اور رونالڈوکی معاصرانہ رقابت بڑی معنی خیز سمجھی جاتی ہے، وہ اس ٹکراؤ اور تصادم کو فٹبال کے عالمی مقابلوں کی اصل روح قرار دیتے ہیں، ان کے نزدیک کھلاڑیوں کے مابین مقابلہ صلاحیتوں اور خوبیوں کے ساتھ ساتھ جوش وجذبہ میں ڈوبے ہوئے شائقین کھیل کی توجہ اور پسند کا بھی ہوتا ہے۔ ضروری نہیں میسی کا ٹکراؤ رونالڈو سے ہی ہو، کسی سے بھی لیکن اس کا مرتبہ میسی یا رونالڈو کے نسبتاً قریب سے قریب ترہونا چاہیے۔

ظاہر ہے مصر (لیور پول ) کے صلاح محمد کا اپنا مقام ہے مگر میسی اور رونالڈو مقابل ہوں تو بات کچھ اور ہوتی ہے۔ رونالڈوکی ایک حیثیت اس کے سپرنٹر ہونے کی ہے، وہ چیتے کی طرح دوڑتا ہے۔ میسی کی چابک دستی ، پھرتی اور تخلیقی گیم چینجر ہونے کی فیصلہ ساز صفت اسے رونالڈو سے الگ کرتی ہے، جب کہ رونالڈو ٹاپ ٹیکنیشن اور ٹیکٹیشن ہے، اگر گیند اس کے پاس ہے تو وہ اس کے ساتھ کچھ بھی تماشا کرسکتا ہے۔ رونالڈو نے گولز کی سنچری بھی مکمل کرلی ، میسی کے گول بھی شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں ۔

حقیقت یہ ہے کہ فٹبال کے نقشے پر رونالڈو اور میسی کی حیثیت دو بین الاقوامی اسٹارز کی ہے۔ ان سے دنیا بھر کے نوجوان فت الر حرارت محسوس کرتے رہیں گے، وہ مشعل راہ ہیں، ان کی حیثیت عالمی غیر روایتی کوچ کی ہے،ان کے میچز فٹبال کا نصاب ہیں، وہ عظیم کھلاڑی ہیں۔ ان کے چاہنے والے کروڑوں کی تعداد میں ہیں، ان کے لیے میسی اور رونالڈو عالمی فٹبال کی پہچان ہیں دعا کرنی چاہیے کہ پاکستان بھی اپنے کسی میسی اور رونالڈوکو لے کر افق فٹبال پر نمودار ہو، قوم کے ہونہار فٹبالروکی سرپرستی ہو۔ حکومت فٹبال کے لیے فنڈز کے دروازے کھول دے، ان فٹ بال آرگنائزرز کو اعتماد میں لے جو فٹبال کی ترقی اور نوجوان فٹبالرز کے لیے اپنا وقت مہیا کرتے ہیں۔ اس ملک کے عوام کی طرح فٹبال کھیل نے بھی غفلت، عدم توجہی اور بے حسی کے دردناک دن دیکھے ہیں۔ارباب اختیار فٹ بال کو فروغ دیں۔ خدا کرے اچھے دن دن ہماری زندگی میں آجائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں