کراچی رکن قومی اسمبلی شاہجہاں بلوچ کی درخواست ضمانت مسترد

درخواست گزار کواہم گواہوں کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا حق ہے،عدالت


Staff Reporter October 25, 2013
رکن قومی اسمبلی کو سخت حفاظتی انتظامات میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت لایاگیاتھا۔ فوٹو : فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت 03 نے لیاری آپریشن کے دوران 7افراد کے قتل ، اقدام قتل ، پولیس مقابلہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزامات میں2 مقدمات میں ملوث پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ کی جانب سے دائر درخواست ضمانت مسترد کردی۔

فاضل بینچ نے آبزرو کیا کہ درخواست ضمانت قبل از وقت ہے، درخواست گزار کواہم گواہوں کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا حق ہے جسے وہ مناسب وقت پر استعمال کرسکتا ہے۔ درخواست ضمانت کے فیصلے کے بعد مرکزی مقدمات کی سماعت 31اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ واضح رہے کہ مذکورہ مقدمے میں شاہ جہاں بلوچ اور لیاری گینگ وار کے امین بلیدی گرفتار ہیں جبکہ کالعدم امن کمیٹی کے سربراہ عذیر جان بلوچ ، حبیب جان ، عمر کچھی، زبیر بلوچ ، لیاری گینگ وار کے تاج محمد عرف تاجو، نور محمد عرف بابا لاڈلا سمیت 23سے زائد ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

استغاثہ کے مطابق 27مئی 2012ء کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سی آئی ڈی نے لیاری کا آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے 5راہگیر آصف ، فدا حسین، محمد شفیع ، عبدالغنی اور غلام دستگیر جاںبحق ہوئے تھے جبکہ ڈی ایس پی قمر اور کانسٹیبل وقاص سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے تھے. ملزمان نے راکٹ لانچر سے پولیس ki اے پی سی (بکتر بند) بھی تباہ کردی تھی ۔ ملزمان کے خلاف تھانہ کلاکوٹ اور بغدادی میں الزام نمبر 65/2012اور 120/2012کے تحت مقدمات درج ہیں۔ جمعرات کوسماعت کے موقع پر رکن قومی اسمبلی اور امین بلوچ کو سخت حفاظتی انتظامات میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت لایاگیاتھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں