آل پاکستان لوٹ مارایسوسی ایشن چائے کی پیالی میں طوفان لارہی ہے فیاض الحسن چوہان

فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو کچھ نہیں ہو گا، فیاض الحسن چوہان


ویب ڈیسک November 23, 2019
اپوزیشن کی رہبر کمیٹی راہزن کمیٹی ہے۔ فیاض الحسن چوہان فوٹو: فائل

پنجاب کے وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن فارن فنڈنگ کیس میں چائے کی پیالی میں طوفان لارہی ہے.

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر کالونیز کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو کچھ نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے، پاناما کیس کے وقت سے فارن فنڈنگ کیس چل رہا ہے، پانامہ کیس سے عمران خان کو بدنام کرنے کی وجہ سے فارن فنڈنگ کیس اچھالا جارہا ہے، جو صاحب پارٹی اور یو ایس ایڈ سے نکالا گیا اس نے الیکشن کمیشن میں کیس دائر کیا ہوا ہے، پارٹی نے انہیں کرپشن اور بدکرداری پر نکالا جو اپنا غصہ نکال رہا ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نہ عدالت ہے نہ اسکروٹنی وہ شفاف طریقے سے پارٹیوں کا طریقہ کار بناتا ہے اور غیر جانبدارنہ تمام پارٹیوں کی تحقیق کرسکتا ہے، فارن ایکٹ میں سیاسی پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں، پیپلز پارٹی کے تمام پولیٹکل ایجنٹوں میں غیر پاکستانی شامل ہیں جبکہ تحریک انصاف کے تمام ایجنٹ پاکستانی ہیں، تمام اپوزیشن پارٹیاں گیدڑ کی طرح الیکشن کمیشن میں جاتے ہیں لیکن شیر اکیلا ہی شکار کرتا ہے۔ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی راہزن کمیٹی ہے، اپوزیشن ہر محاز پر ناکام اور نامراد ہورہی ہے، لانگ مارچ میں مولانا کو آگے لایا گیا اور حلوہ پارٹیاں کیں 15 دن میں ناکام ہو کر رفو چکر ہو گئے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اپوزیشن لوٹ مار کا کلچر فروغ دیتی ہے۔ پی ٹی آئی اپنی آڈٹ رپورٹ مایہ ناز کمپنی سے کرواتی ہے، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں دو پارٹیاں رجسٹرڈ کی ہیں، 41 کروڑ 47 لاکھ کا فنڈ 2018 کے الیکشن میں خرچ کیا لیکن ذریعہ آمدن نہیں بتایا۔ ن لیگ کے احسن اقبال کا یو اے ای میں خاکروب کا اقامہ بنا ہوا ہے، احسن اقبال کے بھائی پر 100 کروڑ کے کرپشن کا الزام ہے۔ (ن) لیگ نے الیکشن کمیشن میں کمپین رپورٹ اور اثاثے ظاہر کئے لیکن یہ غیر تصدیق شدہ چیزیں ہیں ۔ن لیگ نے 2013 میں 50 ملین کے اثاثے ظاہر کئے لیکن ان کا ذریعہ آمدن کچھ نہیں۔ اپوزیشن دوسروں پر الزام تراشی سے قبل اپنے گریبان میں جھانکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں