انسداد منشیات کا چار ملکی معاہدہ

دنیا میں ناجائز اسلحے کے بعد منشیات کا کاروبار سب سے بڑا ہے جس کا حجم 80 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔


Editorial October 25, 2013
چاروں ممالک میں منشیات کی روک تھام کے لیے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ فوٹو؛ فائل

دنیا میں ناجائز اسلحے کے بعد منشیات کا کاروبار سب سے بڑا ہے جس کا حجم 80 ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ یہ انکشاف افعانستان کے نائب وزیر محکمہ اینٹی نارکوٹکس نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی چار ملکی کانفرنس میں کیا جس کے شرکا میں افغانستان کے ساتھ روس، تاجکستان اور پاکستان شامل ہیں۔ چاروں ممالک میں منشیات کی روک تھام کے لیے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

منشیات کی روک تھام کے لیے چاروں ممالک کے درمیان سرحدوں پر خفیہ معلومات کے تبادلے اور منشیات اسمگلروں کے خلاف مشترکہ آپریشن سمیت جدید ٹیکنالوجی سے مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان اینٹی نارکوٹکس ایجنسی کے سربراہ نے بتایا کہ افغانستان کے 24 میں سے سترہ صوبوں میں پوست کی پیداوار بالکل ختم کر دی گئی ہے' صرف ان سات صوبوں میں افیون کی کاشت جاری ہے جو کہ شورش زدہ ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ افغان انسداد منشیات ایجنسی نے تین ہزار سے زائد اسمگلر پکڑے ہیں جن میں آٹھ سو کے لگ بھگ بین الاقوامی اسمگلر بھی شامل ہیں جب کہ سوا چھ سو ٹن پوست بھی پکڑی جو افغانستان کی کل پیداوار کا تقریباً چوبیس فیصد ہے۔ اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق چاروں ممالک انسداد منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سرحدوں پر خفیہ معلومات کے تبادلے اور منشیات اسمگلروں کے خلاف مشترکہ آپریشنز سمیت جدید ٹیکنالوجی سے مانیٹرنگ کریں گے۔

اعلامیہ کے مطابق پوست کاشت کرنے والے کسانوں کو متبادل روزگار فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان' روس' افغانستان اور تاجکستان کے درمیان منشیات کی روک تھام کے لیے معاہدہ اہم پیش رفت ہے۔ اس چار ملکی معاہدے پر لفظاً اور معناً عملدرآمد کرالیا جاتا ہے تو یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ چاروں ملک کسی نہ کسی حوالے سے دہشت گردی کا شکار ہیں' روس سے لے کر پاکستان تک کے علاقے میں دہشت گرد گروپ منشیات کے ذریعے اسلحہ اور دیگر سازو سامان خریدتے ہیں۔منشیات کس قدر منافع بخش کاروبار ہے ، اس کا اندازہ اس انکشاف سے بخوبی لگایا جاسکتاہے کہ منشیات کے کاروبار سے 80 ارب ڈالر کے لگ بھگ رقم کمائی جا رہی ہے۔ اس خطے میں دہشت گرد اور جرائم پیشہ گروہوں کی کمر توڑنے کے لیے منشیات کے کاروبار کو ختم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ پاکستان کو شمال مغربی علاقوں میں پوست کی کاشت ختم کرانے پر خصوصی توجہ دینی ہو گی اور اس کے ساتھ ساتھ راہداریوں کی بھی کڑی نگرانی کرنا ہو گی تاکہ یہ گروہ منشیات کی نقل و حمل نہ کر سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں