تقریر اور ٹویٹ سے پہلےعمران خان کا دماغی ٹیسٹ لازمی قراردیا جائے ترجمان ن لیگ

ملک مسائلستان بن گیا لیکن نالائق وزیراعظم کا واحد مسئلہ نوازشریف اور شہبازشریف ہیں، مریم اورنگزیب


ویب ڈیسک November 23, 2019
حکومت کا کوئی وژن اور سمت نہیں، جھوٹ پہ ملک چلایا جارہا ہے، مریم اورنگزیب۔ فوٹو: فائل

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹویٹ اور تقریر سے پہلےعمران خان کا دماغی معائنہ لازمی قرار دیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹویٹ اور تقریر سے پہلے عمران خان کا دماغی معائنہ لازمی قرار دیا جائے، جھوٹے ٹویٹس اور خطاب، 22 کروڑ عوام کے ملک کے ساتھ اس سے سنگین مذاق نہیں ہوسکتا، حکومت کی بے عملی اور نالائقی کی وجہ سے ملک میں سماجی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے اور غربت، مہنگائی اور لاقانونیت سے سماجی سطح پر ملک مفلوج ہورہا ہے۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ جھوٹے معاشی اعشارئیے اور اعدادو شمار پیش کرکے عمران خان عوام کو اپنی طرح پاگل سمجھتے ہیں، اصل معاشی اعشارئیے عوام کی دہائیاں، چیخیں اور جھولیاں اٹھااٹھاکر دی جانے والی بددعائیں ہیں، ملک مسائلستان بن گیا لیکن نالائق وزیراعظم اورکرائے کے ترجمانوں کا واحد مسئلہ اور توجہ صرف نوازشریف اور شہبازشریف ہیں، اصل معاشی اعشارئیے یہ ہیں کہ 15 روپے کی روٹی اور 20 روپے کا نان ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ذہنی عدم استحکام کا شکار ہیں، ان کی حکومت کا کوئی وژن اور سمت نہیں، جھوٹ پہ ملک چلایا جارہا ہے، اسٹیٹ بینک کے مطابق 2020 میں بھی 14 فیصد مہنگائی برقرار رہے گی، 2020 میں بھی ترقی کی شرح دو سے اڑھائی فیصد رہے گی، سچ یہ ہے کہ نالائق حکومت نے ایک سال میں تاریخی 11 ہزار ارب کا قرض لیا، سچ یہ ہے کہ ایک سال میں گیس 200 فیصد اور بجلی 100 فیصد سے زائد مہنگی کی گئی۔

ترجمان نے کہا کہ معاشی حقائق یہ ہیں کہ نالائق حکومت کے ایک سال میں فی کس آمدنی میں 11 فیصد کمی ہوچکی ہے، ایف بی آر نے برآمدکنندگان کے 75 ارب روپے کے ری فنڈ روک لئے، ری فنڈ روکنے کے باوجود ایف بی آر چار ماہ میں ریکارڈ167 ارب ٹیکس وصولی کے خسارے کا شکار ہے، اپنا ہدف پورا نہ کرسکا، مصنوعی طورپر فارن ایکسچینج ریزورز بڑھنے کی وجہ وہ سرمایہ ہے جو زیادہ شرح سود کی لالچ میں نفع کمانے والوں نے لگایا ہے، اسی بناءپر گروپس کی شکل میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا کیونکہ زیادہ شرح سود کی وجہ سے غیرملکی بنکوں نے سرمایہ رکھوایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چار ماہ میں بیرون ملک سے آنے والے محاصل میں دو فیصد کمی بیرون ملک پاکستانیوں کے عمران نیازی پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے، سچ یہ ہے کہ اسکول، کالج اور ہسپتال اپنے خرچ پر چل رہے ہیں اور نالائق حکومت نے ہسپتالوں میں غریبوں کا مفت علاج اور دوائیاں بند کردی ہیں، امن وامان کی صورتحال انتہائی خطرناک ہوچکی ہے، چار سال سے پشاور میٹرو کے کھڈے کھودے جا رہے ہیں، معصوم بچوں کے ساتھ بڑھتے حادثات اور قتل کی وارداتیں دکھائی نہیں دے رہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں