وسیم کی کامیابی پراسپورٹس اسٹارز خوشی سے سرشار

لوپز کو مات دینے والے باکسر کی نظریں آئندہ برس فلائی ویٹ ٹائٹل پرمرکوز


Sports Desk November 24, 2019
لوپز کو مات دینے والے باکسر کی نظریں آئندہ برس فلائی ویٹ ٹائٹل پرمرکوز۔ فوٹو : آئی این پی

محمد وسیم کی باکسنگ مقابلے میں فتح پر قومی اسپورٹس اسٹارز خوشی سے سرشار ہیں،انھوں نے باکسر کو سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔


محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ 'ایم ٹی کے گلوبل' کے باکسنگ ایونٹ میں میکسیکن حریف گنیگن لوپیز کو شکست دی تھی، انھوں نے 8 راؤنڈز پر مبنی فائٹ میں 38 سالہ حریف کو 73-80 اور دو مرتبہ 75-77 کے اسکور سے قابوکیا،اب ان کی نگاہیں 2020 میں فلائی ویٹ ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔

وسیم کی فتوحات کا ریکارڈ سردست 10-1ہے،اس میں 8 بار انھوں نے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا، 2017 میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جاری کردہ رینکنگ میں پاکستانی باکسرکو فلائی ویٹ کیٹیگری میں عالمی نمبر ایک باکسر قرار دیا گیا تھا، بلوچستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم وہ پہلے پاکستانی باکسر ہیں جنھیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔

برطانوی ویب سائٹ کے مطابق وسیم نے جب ٹویٹر پر اپنی فتح کا اعلان کیا تو انھیں بے تحاشہ مبارکبادیں موصول ہوئیں، ان کا فائٹنگ نام فیلکن وسیم ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

کرکٹر شعیب ملک نے بھی محمد وسیم کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا،انھوں نے کہا کہ 'وہ مشکل فائٹ میں پہلے راؤنڈ اور پہلے مکے سے چھائے رہے، ہمیں وسیم پر فخر ہے۔'

بیٹسمین فواد عالم نے محمد وسیم کی ٹویٹ کا جواب لکھتے ہوئے کہا کہ 'مبارک برادر، مجھے آپ پر فخر ہے۔'ایک صارف نے لکھا کہ ہماری قوم میں بھرپور ٹیلنٹ ہے، وہ اولمپکس میں کسی بھی پلیٹ فارم پر تمام گولڈ میڈل جیت سکتے ہیں، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ان کی اخلاقی اور مالی طور پر مدد کی جائے۔

واضح رہے کہ باکسر محمد وسیم اس سے قبل کئی مرتبہ اسپانسرشپس نہ ملنے اور انعامات کے جھوٹے وعدوں پر شکوہ کر چکے ہیں۔ میکسیکو سے تعلق رکھنے والے گنیگن لوپزکئی بین الاقوامی ٹائٹل اور اعزازات اپنے نام رکھنے والے فائٹر ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں